راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی، اسلحہ بارود سے بھری گاڑی پکڑی گئی

ملزمان غیر قانونی اسلحے کی بڑی کھیپ کے پی کے سے کار میں سمگل کرکے لا رہے تھے، 2 سمگلرز گرفتار

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 11 مئی 2024 13:01

راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی، اسلحہ بارود سے بھری گاڑی پکڑی گئی
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پولیس کی بڑی کارروائی کے نتیجے میں اسلحہ بارود سے بھری گاڑی پکڑی گئی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقہ پیرودہائی میں پولیس کی جانب سے ایک کامیاب کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران اسلحہ ایمونیشن کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 02 سمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ہونے والے ملزمان طارق اور عبدالحسیب غیر قانونی اسلحے کی بڑی کھیپ کے پی کے سے کار میں سمگل کر کے راولپنڈی لا رہے تھے۔

پولیس کی طرف سے مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمان کی گاڑی سے 50 پستول 30 بور، 04 کلاشنکوف، 04 رائفل 30بور، 02 رائفل ایم پی فائیو، 02 رائفل 30 بور بشکل ایم فور، 01 رائفل 222 بور، 01 رائفل 30 بور کلاشنکوف نما، 02 رائفل 12 بور کلاشنکوف نما برآمد ہوئیں، ملزمان سے مختلف بور کی 4 ہزار 800 سے زائد گولیاں، 100کارتوس اور 135 میگزینز برآمد ہوئیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے راولپنڈی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پیرودہائی پولیس نے مناسب حکمت عملی کے تحت سنیپ چیکنگ کے دوران مشکوک گاڑی کو روک کر چیک کیا تو گاڑی سے اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد ہوئی، پیرودہائی پولیس نے 02 سمگلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ اور زیر استعمال گاڑی قبضہ پولیس میں لے لی، اس دوران ملزمان کا ساتھی الیاس فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

راولپنڈی پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر سی پی او سید خالد ہمدانی کی جانب سے ایس پی راول فیصل سلیم، ایس ڈی پی او سٹی اور پیرودہائی پولیس کو شاباش دی، انہوں نے کہا کہ ناجائز اسلحہ اور منشیات کے خلاف موثر کریک ڈاؤن جاری ہے، ناجائز اسلحہ ایمونیشن کی ترسیل و فروخت جیسے جرائم میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں