راولپنڈی ڈویژن میں 606پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس ،1036 حساس قرار

راولپنڈی ڈویژن کے 5ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز پر 12841پولیس اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 21 جولائی 2018 19:07

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) راولپنڈی ڈویژن میں 606پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 1036 حساس قرار دے دیئے گئے ، پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی کے لیے انہیں تین کیٹیگریز میں تقسیم کر دیا گیا، حساس اور انتہائی پولنگ اسٹیشنز میں راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع اٹک ، راولپنڈی ، چکوال ،جہلم اور اسلام آباد شامل ہیں ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایڈمنسٹریٹو ڈویژن کی جانب سے ’’اے پی پی‘‘ کو موصولہ اعدادو شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی راولپنڈی ریجن کا حصہ ہے جہاں پر مجموعی طور پر 786پولنگ اسٹیشنز میں سے 26انتہائی حساس ،87 حساس جبکہ 673 عمومی سکیورٹی کے حامل پولنگ اسٹیشنز ہیں ۔

قومی خبر ایجنسی کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ضلع اٹک میں مجموعی طور پر 1069 پولنگ اسٹیشنز میں سے 301 انتہائی حساس ، 532حساس جبکہ 236 عمومی سکیورٹی کے حامل پولنگ اسٹیشنز ہیں ۔

(جاری ہے)

ضلع راولپنڈی میں 2576 مجموعی پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 145انتہائی حساس ،99حساس جبکہ 2332 پولنگ اسٹیشنز عمومی سکیورٹی کے حامل قرار دیئے گئے ہیں ۔ضلع چکوال میں مجموعی پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 925 جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 74 اور 217حساس جبکہ 634پولنگ اسٹیشنز عمومی سکیورٹی کے حامل ہیں ۔

اسی طرح ضلع جہلم میں مجموعی 758 پولنگ اسٹیشنز میں سے 60انتہائی حساس اور 101حساس قرار دیئے گئے ہیں جبکہ 597پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 5ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز پر 12841پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔

راولپنڈی میں 6132،اٹک میں 2754،جہلم1841اورچکوال میں 2141پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیںگے جبکہ پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کلوز مانیٹرنگ کی جائے گی اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔ پولنگ سٹیشنر کی6کلو میٹر کی حدود میں ایک ایمبولینس تعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جبکہ الیکشن کیلئے آنے والے غیر ملکی مبصرین ،صحافیوں اورمیڈیا پرسنز کی سکیورٹی کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔

الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں خصوصاً سرکردہ سیاستدانوںکی فول پروف سکیورٹی کے پلان کوبھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔راولپنڈی ،اٹک ،جہلم اورچکوال میں متوقع گرمی کی شدت کے پیش نظر پولنگ سٹیشنز پر ہیٹ سٹروک سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا ہے ۔اس حوالے سے نگران وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جائزشکایات کے ازالے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ راولپنڈی ڈویژن میںپولنگ سٹیشنز پر پانی ،بجلی ،ٹوائلٹ ودیگر سہولتوں کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہا کہ ووٹرز کیلئے پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ دریں اثناء نگران صوبائی وزیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ الیکشن ڈے پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوکل پرسن متعین کئے جائیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں