پنجاب حکومت نے واسا کے مینجنگ ڈائریکٹر کو ہٹا دیا

ادارہ بغیر کسی سربراہ کے چھوڑ دیا گیا ،دیگر سینئر پوسٹیں پہلے ہی خالی پڑی ہیں،رپورٹ

پیر 10 دسمبر 2018 16:49

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) پنجاب حکومت نے واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی ( واسا) کے مینجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی) کو ہٹا دیا ہے اس طرح یہ ادارہ بغیر کسی سربراہ کے چھوڑ دیا گیا ہے اور دیگر سینئر پوسٹیں پہلے ہی خالی پڑی ہیں ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایم ڈی کو ہٹانے کا یہ عمل اچانک تھا کیونکہ سابق واسا مینیجنگ ڈائریکٹر راجہ شوکت محمود کے خلاف کوئی مخالف خبر نہیں چل رہی تھی ایک واسا عہدیدار نے کہا ہے کہ ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر انجیرنگ ، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ، فنانس اور ریونیو کی پوسٹیں گزشتہ کئی مہینوں سے خالی پڑی ہیں انہوں نے وضاحت کی کہ واٹر سپلائی اور سیوریج کے لئے عموماً دو ڈپٹی ڈائریکٹر ہوتے ہیں جس کا چارج اب ایگزیکٹو انجینئر اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عامر قریشی کو دے دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جن کو فنانس اور ریونیو کا عارضی چارج بھی دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مینیجنگ ڈائریکٹر کی ٹرانسفر کے بعد واسا میں انتظامی بحران ہے جو تمام سینئر افسران کی موجودگی میں اس ادارے کو چلا رہا تھا ان کی ٹرانسفر کے بعد واسا نے واٹر سپلائی اور سیوریج کے بڑے پروجیکٹ پر کام بند کر دیا ہے ۔ انہو ںنے یہ وضاحت بھی کی کہ واسا راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( آر ڈی ای) کے انتظامی کنٹرول میں آتا ہے ۔

واسا منیجر گریڈ 20 میں ہوتا ہے ۔لیکن حکومت نے گریڈ 19 کے افسر حیات لوک کو بطور آر ڈی اے ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا ہے اس شہری ادارے میں انتظامی بحران کے باعث بڑے پروجیکٹس پر کام رک گیا ہے ۔ جس میں اسلام آباد ایکسپریس وے پر 350 ملین روپے سیوریج پروجیکٹ ، چاہان ڈیم واٹر سپلائی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلان جیسے پروجیکٹ شامل ہیں ۔ واسا عہدیدار کا کہنا ہے کہ واسا کو مالیاتی بحران کا بھی سامنا ہے اس میں حکومت کو 770 ملین روپے کے بیل آئوٹ پیکج کا بھی کہا ہے اور سمری حتمی منظوری کے لئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے آفس میں ہے لیکن نئے ہیڈ کو شہری ادارے کی ضروریات سمجھنے میں چند ماہ لگیں گے ۔

دریں اثناء واسا ورکر یونین سی بی اے کے چیئرمین راجہ جاوید حسین کا کہنا ہے کہ ملازمین انتظامی اور مالیاتی بحران کے باعث اپنے مستقبل سے پریشان ہیں ۔ انہوں نے پوچھا ہے کہ کون تنخواہوں اور دیگر چیک پر دستخط کرے گا جب واسا کے پاس مینیجنگ ڈائریکٹر نہیں ہے ۔ آر ڈی اے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین عارف عباسی کا کہنا ہے کہ واسا میجنیگ ڈائریکٹر کی پوسٹ کے لئے دو نام تجویز کئے گئے ہیں اور یہ انتظامی اور مالیاتی مسائل جلد حل ہو جائیں گے ۔ ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں