نام بدلنے والی کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کی گراس روٹ لیول تک مانیٹرنگ کی جائے،محمد فیصل رانا

کالعدم تنظیموں کو بتا دیا جائے کہ وہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے سمیت کسی قسم کی کوئی سرگرمی نہیں کر سکتیں،سٹی پولیس آفیسر

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:43

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ نام بدلنے والی کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کی گراس روٹ لیول تک مانیٹرنگ کی جائے،کالعدم تنظیموں کو بتا دیا جائے کہ وہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے سمیت کسی قسم کی کوئی سرگرمی نہیں کر سکتیں،فورتھ شیڈول میں شامل افراد فرقہ وارانہ شرانگیزی اور نفرتوں کو فروغ دینے کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کر سکتے ہیں،سوشل میڈیا ہو یا کوئی اور انداز،شر انگیزی کا سبب بننے والوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز میں پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سی پی او نے کہا کہ عید الضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر قیام امن کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے،اسی لئے آئی جی پنجاب کی ہدایات پر ابھی سے دونوں حوالوں سے کام شروع کر دیا گیا ہے،دونوں مواقع پر پولیس افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں گی ،معاشرتی امن کے قیام کے لئی24/7کام ہو گا،قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے اطلاعات کا تبادلہ کر کے اس طرح کے سیکورٹی پلان بنائے جائیں گے کہ شرانگیزی کی ’’ش‘‘اور تخریب کاری کی ’’ت‘‘ سوچنے والے بھی پولیس کی نظروں سے اوجھل نہیں ہو سکیں گے ،سی پی او نے کہا کہ محکمہ داخلہ نے جن تنظیموں کو کالعدم قرار دیا ہے وہ نام اور چھتری بدل کر معاشرے میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوشش کرتی ہیں ہمیں ایسی سرگرمیوں کی گراس روٹ لیول تک مانیٹرنگ کرنا ہو گی ،ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کو بتا دیا جائے کہ وہ عید الضحیٰ پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے سمیت کسی بھی موقع پر کوئی بھی سرگرمی نہیں کر سکتے،جنہوں نے ایسا کیا وہ قانون کی بدترین قانون شکنی کریں گے جن کے خلاف مقدمقات درج ہوں گے اور ان کی گرفتاریاں ہوں گی،فیصل رانا نے کہا کہ معاشرے میں بدامنی پیدا کرنے کے جتنے بھی ذرائع ہیں یا ہو سکتے ہیں ہمیں ان سب کو روکنا ہے،نفرت انگیز تقریر ہو یا شرانگیز مواد کی تشہیر ،سوشل میڈیا پر کسی قسم کی قابل اعتراض پوسٹیں ہوں یا اکسانے والی وال چاکنگ ،جو کوئی اس میں ملوث ہو گا، اس کا سہولت کار بنے گا وہ جیل جائے گا اس کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کی انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمات درج ہوں گے جن کا انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں سپیڈی ٹرائل ہو گا ملزموں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے مطابق جلد سے جلد سزا دلوائی جائے گی،سی پی او نے کہا کہ تھانوں سے لے کر ضلع کی سطح تک امن کمیٹیوں کو فعال کیا جائے تاکہ عوام قانون عوام اور پولیس ایک پیج پر ہوکر ملک دشمن شرانگیزوں کا قانون کی دی ہوئی طاقت کے ساتھ مقابلہ کر سکیں

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں