پنجاب بھرمیں تاسیس جماعت اسلامی کی تقاریب (آج) ہوں گی ،انعام الحق اعوان

امیرالعظیم گجرات،اقبال خان اٹک،حافظ تنویرراولپنڈی ،حمیداللہ منڈی بہائوالدین میں خطاب کریں گے جے آئی یوتھ کی تقریب میں زبیرگوندل ،شمس الرحمن سواتی مہمان خصوصی ہوں گے،صوبائی سیکرٹری اطلاعات

اتوار 25 اگست 2019 15:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) صوبائی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی شمالی پنجاب انعام الحق اعوان نے کہاہے کہ آج26اگست کوجماعت اسلامی کا 78واں یوم تاسیس پاکستان سمیت پنجاب بھرکے اضلاع میں بھی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا، اس سلسلے میں اضلاع کی سطح پر یوم تاسیس کی تقاریب منعقدہوں گی جن میں نظریہ پاکستان اورمسئلہ کشمیرکونمایاں حیثیت حاصل ہوگی ،مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کھاریاں گجرات میں منعقدہ تاسیس جماعت اسلامی کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے، قائمقام امیرجماعت اسلامی پنجاب اقبال خان ،حسن ابدال ضلع اٹک کی تقریب میں بطورمہمان خصوصی خطاب کریں گے۔

ضلع راولپنڈی کے سیکرٹریٹ بالمقابل ہائیکورٹ بلڈنگ میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ تنویراحمدہوں گے،ترجمان کے مطابق صوبائی سیکرٹریٹ موٹروے چو ک اسلام آباد میں جے آئی یوتھ کے زیراہتمام تاسیس جماعت اسلامی کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں صدرجے آئی یوتھ پاکستان زبیراحمدگوندل ،صدرنیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی ،صوبائی صدر اویس اسلم مرزاخطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

صوبے کے دیگراضلاع منڈی بہائوالدین ،میانوالی،چکوال،جہلم ،بھکر،سرگودھا، خوشاب سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے مقامات پر جلسے، مذاکرے، سیمینارز اور اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔ جن سے مرکزی، صوبائی، ضلعی و مقامی ذمے داران کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی، دینی رہنما اور دانشور جماعت اسلامی کی 77 سالہ دینی،سیاسی وپارلیمانی جدوجہد،نظریہ پاکستان اورکشمیرکاز پر اظہار خیال کریں گے۔

صوبائی ترجمان نے بتایا کہ قیام پاکستان سی6 سال قبل جماعت اسلامی کی بنیاد مفکر اسلام مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی قیادت میں 26 اگست 1941ء میں رکھی گئی تھی۔ 75 افراد سے قائم ہونے والا یہ پودا آج تناور درخت اور ایک عالم گیر تحریک کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی و سیاسی جماعت ہے جو کہ موروثیت و خاندانی سیاست سے پاک ہے۔ بانی امیر سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒکے بعد دوسرے امیر میاں طفیل محمد، تیسرے قاضی حسین احمد چوتھے سید منور حسن جبکہ موجودہ پانچویں امیر سینیٹر سراج الحق ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں