راولپنڈی، گرفتار عامری ڈکیٹ گینگ کا جیل میں قید ریکارڈ یافتہ کریمنلز، ٹیرر گروپوں کیساتھ رابطوں کا انکشاف

پولیس نے ٹھوس ثبوت حاصل کرنے کیلئے گرفتار ملزمان کے زیر استعمال موبائل فونز کاکال ڈیٹا حاصل کرنا شروع کردیا

منگل 12 نومبر 2019 00:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) اوورسیز پاکستانیوں کی ساتھ ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے گرفتار ’’عامری‘‘ ڈکیت گینگ کے جیل میں بند ریکارڈ یافتہ کریمنلز اور راولپنڈی میں خوف کی علامت سمجھے جانیوالے ’’ٹیرر گروپوں‘‘ کے ساتھ رابطوں کا انکشاف،ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں میں ناکامی پر ’’بھتہ‘‘ وصول کرنے کیلئے ڈرانے دھمکانے لگتے تھے،اوورسیز پاکستانیون کی طرف سے راولپنڈی پولیس کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی زیرہدایت ایس پی پوٹھوہار سید علی کی زیر نگرانی ایس ایچ او مورگاہ اعزاز عظیم اورتھانہ ویسٹریج پولیس پر مشتمل ٹیم کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو پولیس اور فورسزکی وردیاں پہن کر ’’ ٹارگٹڈ ‘‘ وارداتیں کرنیوالے گرفتار ’’عامری‘‘ ڈکیت گینگ کے حوالے سے خوفناک انکشافات سامنے آ رہے ہیں،اس گینگ کی گرفتاری میں مانیٹرنگ کامرکزی کردار ادا کرنیوالے ایس پی پوٹھوہار سید علی نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس گرفتار گینگ کے ان خطرناک کریمنل گینگز سے روابط کا انکشاف بھی ہوا ہے جو ڈکیتی ،قتل اور دیگر سنگین ترین جرائم کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیلوں میں بند ہیں،ایس پی نے بتایا کہ اس بات کو چیک کیا جا رہا ہے کہ ’’عامری‘‘ ڈکیت گینگ اور راولپنڈی کے دیگر ہارڈ اینڈ کریمنلز کے روابط کا موجودہ سٹیٹس کیا ہے،انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے ’’ٹیرر گروپوں ‘‘ کے خلاف جو آپریشن شروع کیا ہوا ہے اس میں مختلف بدنام گینگوں کے جو ملزمان گرفتار ہوئے ہیں انکے ساتھ بھی ’’عامری‘‘ گینگ کے روابط سامنے آئے ہیں ،ایس پی نے بتایا کہ کریمنلز کے ساتھ اوور سیز پاکستانیوں کو لوٹنے والے گرفتار ’’عامری ‘‘گینگ سے روابط کے ٹھوس ثبوت حاصل کرنے کے لئے گرفتار ملزمان کے زیر استعمال موبائل فونز کاکال ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے،سی پی او نے اوورسیز پاکستانیوں کو لوٹنے والے گرفتار ’’عامری ‘‘ ڈکیت گینگ کی قانون شکنیاں اور خطرناک سرگرمیاں سامنے لانے پر ایس پی پوٹھوہار سید علی اور ان کی ٹیم کوشابا ش دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر اس قانون شکن کو گرفتار کرنا ہے جوکسی بھی قسم کی قانون شکنی میں ملوث ہے،سی پی او نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو لوٹنے والے گینگ کی تمام قانون شکنیاں ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ سامنے لائی جائیں تاکہ انہیں عدالتوں سے عبرت ناک سزا دلوائی جا سکے،ادھر اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے ان کو لوٹنے والی گینگ کی گرفتاری پر راولپنڈی پولیس کی پذیرائی اور کارکردگی کے اعتراف کا سلسلہ سوشل میڈیا پر جاری ہے ،جسے عوام میں ٹاپ ٹرینڈ کے طور پر پسند کیا جا رہا ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں