قیدیوں کے ساتھ ہمدردی اور ان کی عزت نفس کا خیال رکھنا نبی کریم ؐکی سنت ہے،فیاض الحسن چوہان

قیدیوں سے گزارش ہے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں ،اس بات کا قوی ارادہ کریں کہ جیل سے رہائی کے بعد اپنی زندگی آپ ؐکے اسوہ حسنہ کے مطابق گزاریں گے،وزیر جیل خانہ جات کا محفل میلاد سے خطاب

پیر 18 اکتوبر 2021 22:26

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ قیدیوں کے ساتھ ہمدردی اور ان کی عزت نفس کا خیال رکھنا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور اگر قیدیوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک روا نہ رکھا جائے تو یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالی غفور و رحیم ہیں، ہر انسان کے لئے توبہ کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور قیدیوں سے گزارش ہے کہ اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور اس بات کا قوی ارادہ کریں کہ کہ وہ جیل سے رہائی کے بعد اپنی زندگی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اسوہ حسنہ کے مطابق گزاریں گے۔

یہ باتیں انہوں نے نے عشرہ رحمتہ العالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے اڈیالہ جیل میں منعقدہ ایک محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔

(جاری ہے)

محفل میں کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ، رکن صوبائی اسمبلی راجہ صغیر، ڈی آئی جی جیل راولپنڈی ریجن اور دیگر بھی شریک ہوئے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں فیصلہ کیا ہے کہ جہاں بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام لکھا جائے گا وہاں پر خاتم النبیین بھی لکھا جائے گا اور ایسا عظیم فیصلہ اس سے پہلے کسی حکومت نے نہیں کیا۔

انہوں نے کہا عشرہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے منانے کا اصل مقصد یہ ہے کہ ہر طبقہ تک آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اسوہ حسنہ کا پیغام پیش کیا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسان کو انسان کی غلامی سے نکال کر ایک خدا احد کا غلام بنایا اور یہ پیغام دیا ہے کہ ہم بھی انسانوں کو ان کے حقوق دیں، ہر کسی کو اپنے جیسا انسان سمجھیں اور کوئی بھی عہدہ ہو مگر خود کو اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ سمجھیں۔تقریب میں تلاوت اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم بھی پیش کی گئیں-

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں