تاجربرادری کو روپے کی گرتی قدر اور بڑھتی مہنگائی پر تشویش

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 22:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2021ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر عاصم ملک نے کہا ہے کہ تاجربرادری کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر گہری تشویش ہے حکومت ڈالرکو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔ روپیہ گرنے سے معاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہو گئیں ہیں گورنر سٹیٹ بنک کے بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔

اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، نائب صدر طلعت اعوان، ایگزیکٹو ممبران اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے چیمبر میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنزیومر پرائس انڈیکس کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق اس ہفتے کم آمدن والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح بڑھ کر 14.72 فیصد ہو گئی ہے قائم مقام صدر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے اور روپے کی قدر گرنے سے ملکی معیشت اور عوام پر بوجھ بڑھ گیا ہے گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ روپے کی قدر غیر مستحکم ہونے سے ایکسپورٹرز اور مینو فیکچرز ایک غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیںخریداری کے آرڈرز تعطل کا شکا ر ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سٹیٹ بنک کے حالیہ بیان سے تاجربرادری اور عوام شدید مضطرب ہے حکومت ترجیح بنیاد پر ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرے انہوں نے تجویز پیش کی کہ خام مال پر ٹیکس کی شرح میں کمی لائی جائے تاکہ مقامی صنعت فروغ پائے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات پر ٹیکس اور ڈیوٹی کم کی جائے پٹرول ڈیزل پر سے ٹیکس لیوی کی شرح کم کی جائے۔

ٹرانسپورٹیشن لاگت بڑھنے سے کاروباری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے تعمیراتی شعبہ بھی دباو کا شکار ہے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے ڈالر ریٹ غیر مستحکم ہونے سے کسی بھی اشیاء کی قیمت ٹھہر نہیں رہی جس کی وجہ سے مینوفیکچرر اور خریدار دونوں اضطراب کا شکا رہیں تاجر برادری کو امید تھی کہ گورنر سٹیٹ بنک ڈالر ریٹ کم ہونے کے حوالے سے اقدامات کا ذکر کریں گے تاہم ان کے بیان سے غیر یقینی زیادہ بڑھ گئی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں