سکرنڈ میں محکمہ بلدیہ کی مجرمانہ غفلت‘ لاکھوں روپے کی لاگت سے نصب کیا گیا واٹر فلٹر پلانٹ ناکارہ‘

پیر 1 ستمبر 2014 14:45

سکرنڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر۔2014ء) سکرنڈ میں محکمہ بلدیہ کی مجرمانہ غفلت‘ لاکھوں روپے کی لاگت سے نصب کیا گیا واٹر فلٹر پلانٹ ناکارہ‘ زیرزمین پانی میں سنکھیا سے عوام مختلف موذی امراض کا شکار بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹاؤن کمیٹی سکرنڈ انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی کے باعث لیلا آباد میں لاکھوں روپے کی لاگت سے نصب کیا گیا واحد فلٹر پلانٹ جوکہ سکرنڈ کی 1,20000 آبادی کو صاف وشفاف پانی فراہم کرنے کا ذریعہ تھا ناکارہ ہوکر بند ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

طبی ماہرین کے مطابق سکرنڈ میں زیرزمین پانی میں سنکھیا کی مقدار بہت زیادہ ہے جو انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ زیرزمین پانی کے استعمال سے 80 فیصد لوگوں میں پیٹ وجگر سمیت دیگر بیماریاں جنم لے رہی ہیں جبکہ بچوں میں ڈائریا کا مرض وبائی صورت اختیار کرچکا ہے‘ ہر دوسرا شہری جگر‘ ٹی بی کے عارضے میں مبتلا ہے۔ محکمہ بلدیہ کے افسران اپنی نااہلی چھپانے کیلئے بجٹ کی کمی کا رونا روتے ہیں جبکہ حال ہی میں حکومت سندھ نے سندھ بھر میں 2 ارب روپے سے زائد عوام کی بہتری کیلئے محکمہ بلدیات کو دیئے تھے تاہم عوامی منصوبوں کی بھلائی سے ہٹ کر افسران کی جیبوں میں منتقل ہورہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے وزیر بلدیات سے اس ضمن میں نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سکرنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں