صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن وسکولز ایجوکیشن منصور قادر کی زیرِصدارت تعلیمی بورڈ سرگودہا کا جائزہ اجلاس منعقد

جمعرات 30 مارچ 2023 19:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن وسکولز ایجوکیشن منصور قادر نے تعلیمی بورڈ سرگودہا میں خالی ضروری آسامیوں پر بھرتی کیلئے کیس تیار کر کے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اجازت نامہ کیلئے بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے میٹرک کے امتحانات کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے‘ سخت مانیٹرنگ کرنے اور نقل مافیا کی حوصلہ شکنی کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔

انہوں نے طلباء کی سہولت کیلئے تعلیمی بورڈ کا تمام تر نظام آئی ٹی بیس بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے دفاتر میں چکر لگانے کا نظام ختم کیاجائے۔ انہوں نے تعلیمی بورڈ کے ساتھ الحاق تمام تعلیمی اداروں کا آڈٹ کروانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیاکہ بوگس یا ایس او پیز پر پورانہ اترنے والے تعلیمی اداروں کی رپورٹ موصول ہونے پر مجاز افسران کے خلاف ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

(جاری ہے)

وہ تعلیمی بورڈ سرگودہا میں جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں کمشنر /چیئرمین محمد اجمل بھٹی‘سیکرٹری ڈاکٹر محسن عباس‘ کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی‘ ڈائریکٹر کالجز سرفراز گجر اورسی او ایجوکیشن سید احتشام الحق ہمدانی کے علاوہ متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر نے بورڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ والدین پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی پالیسیاں مرتب کریں۔

ہماری پہلی ترجیحی امتحانی شعبہ کو مضبوط بنانا ہے چاہیے اس پر کتنا پیسہ خرچ ہو جائے۔ انہوں نے پنجاب کے تمام بورڈ ز کے آپس میں آئی ٹی بیس الحاق کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ تمام تعلیمی بورڈ کو ایک یونیفائیڈ پالیسی کے تحت چلایاجائیگا جبکہ تعلیمی اداروں میں سپورٹس سرگرمیوں پر بھی خاص توجہ دی جائیگی۔ کمشنر/چیئرمین بورڈ محمد اجمل بھٹی نے صوبائی وزیرکو بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے بورڈ کی تمام عمارت کو سولر پینل پر منتقل کیاجارہاہے۔

اس طرح کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بورڈ میں جمنیزیم بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بورڈ کے تمام نظام کو آن لائن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور طلباء کی جانب سے دفتر آکر ہارڈ کاپیاں جمع کروانے کی پریکٹس کو ختم کیا جارہاہے۔ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر محسن عباس نے بورڈ کے مختلف انتظامی امور بارے بریفنگ دی جبکہ کنٹرولر امتحانات نے میٹرک او رجماعت نہم کے امتحانات کے حوالے سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں