غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنیوالوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے،ایس پی پٹرولنگ

ہفتہ 18 جنوری 2020 18:25

سرگودہا۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف بلا امتیازقانونی کارروائی جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس پی پٹرولنگ پولیس سرگودھا ریجن تنویراحمد ملک نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ایسے ڈرائیورحادثات کا باعث بنتے ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہو جاتا ہے ، حادثات کی شرح کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس پی تنویر احمد ملک نے گزشتہ سال 2019ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تیز رفتار اور غفلت سے ڈرائیونگ کرنے والے 700سے زائد ڈرائیوروں کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کروائے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف قسم کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والی32620ڈرائیوروں کو چالان کر کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا جرمانہ قومی خزانے میں جمع کروایا گیا۔ایس پی تنویر احمد ملک نے مزید کہا کہ اکثر گاڑیوں میں ناقص اور غیر معیاری سی این جی سلنڈر نصب ہوتے ہیں جس کی وجہ سے آئے روز گاڑیوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، ایسے واقعات کو بھی کم کرنے کیلئے پٹرولنگ موبائلز موثر کارروائی کر رہی ہیں اور گزشتہ سال45ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں