سرگودھا، کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلہ میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز

جمعرات 27 فروری 2020 17:59

سرگودھا۔27فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) پی ایچ اے کے زیر اہتمام کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلہ میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز ہو گیاہے ۔ پی ایچ اے کلین اینڈ گرین مہم میں مختلف اداروں سے مل کر ضلع بھر میں پانچ لاکھ پودے لگا رہاہے ۔ افتتاحی تقریب کمپنی باغ کے سبزہ زار میں منعقدہوئی۔ تقریب میں کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود ‘ چیئرمین پی ایچ اے سعداللہ وڑائچ ‘ ڈی جی پی ایچ اے حسین بہادر علی شاہ ‘ ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی اور جامعہ سرگودہاکے پروفیسر شاہدسمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد او رطلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا کہ سرگودہا کو سرسبز شاداب بنانے کیلئے تمام ریاستی ادارے متحرک ہیں او را س ضمن میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ درخت قدرت کا انمول تحفہ اور شاہکار ہیں ۔ ہمیں’’ درخت لگا بخت جگا ‘‘مثال پر عمل پیرا ہونا ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ درخت انسانی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں او رآلودگی سے پاک ماحول کاحصول ممکن بنانے کا اہم ذریعہ ہے ۔

کمشنر نے کہاکہ چاروں اضلاع میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں پودے لگ چکے ہیں لیکن ہمارا ٹارگٹ لاکھوں پودے لگانا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر خاندان کو اپنے حصے کانہ صرف پودا لگانا چاہیے بلکہ اس کی نشوونما او رتنا وردرخت بننے تک بچوں کی طرح خیال رکھنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ کلین اینڈ گرین مہم کے لئے تمام اداروں کو ٹارگٹ دے دیئے گئے ہیں او را س میں کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایچ اے سعداللہ وڑائچ نے کہاکہ کسی بھی ملک کے 25 فیصد رقبہ پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبہ پر جنگلات موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صاف ستھرا ماحول آپ کی شخصیت کاآئینہ دار ہو تا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میںکشمیر کے ساتھ گلوبل وارمنگ پر بھی دنیا کی توجہ مبذول کروائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گھر کے باہر ایک پودا لگانے کے قانون کی اشد ضرورت ہے ۔ بعدازاں کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کی قیادت میں آگاہی ریلی بھی نکالی گئی ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں