لاک ڈائون متاثرین کیلئے پنجاب ہائی وے سرگودہا ریجن سے 8لاکھ روپے کی رقم اکٹھی کی گئی ہے، تنویر احمد ملک

پیر 6 اپریل 2020 16:50

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ ، پنجاب ہائی وے پٹرول پنجاب کیپٹن (ر) ظفراقبال کی خصوصی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے لگائے گئے لاک ڈائون سے متاثر ہونے والے متاثرین کیلئے پنجاب ہائی وے پٹرول سرگودہا ریجن سے تقریباً08لاکھ روپے کی رقم اکٹھی کی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایس پی پٹرولنگ پولیس سرگودہا ریجن تنویر احمد ملک نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہدایات کے مطابق ہر کانسٹیبل سی500،ہیڈکانسٹیبل سی700، اے ایس آئی سی800 ، سب انسپکٹرز 900سے ، ڈی ایس پی حضرات 1500سے،جبکہ ایس پی کی طرف2000 سے اکٹھے کئے گئے ہیں جو کہ متعلقہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دئیے گئے ویلفیئر اکائونٹس میں جمع کروا دئیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایس پی پٹرولنگ نے مزید کہا کہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پٹرولنگ پولیس کی طرف سے یہ ایک احسن اقدام اٹھا یا گیا ہے جس کی بدولت متاثرین کی کافی تعداد مستفید ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ جمع شدہ رقم سے ان کو راشن وغیرہ فراہم کئے جانے کے ساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔ ایس پی پٹرولنگ تنویر احمد نے مزید بتایا کہ ڈی ایس پی پٹرولنگ سرگودہا غضنفر عباس نتھوکہ کی کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے سلسلے میں خدمات بھی قابل ِتعریف ہیں جنہوں نے پٹرولنگ پولیس سرگودہا کے جوانوں کیلئے فیس ماسک، ہینڈگلوز اور سینیٹائرز کی کثیر تعداد میں فراہم کئے ہیں۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں