امن عامہ کے قیام اور استحکام ِپاکستان کیلئے ہم کسی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے، ریجنل پو لیس آفیسر

جمعہ 31 جولائی 2020 16:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2020ء) امن عامہ کے قیام اور استحکام ِپاکستان کے لیے ہم کسی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار ریجنل پو لیس آفیسر سرگودھا افضال احمد کوثر نے شہید کنسٹیبل ساجد حسین کے لواحقین سے اُن کے گھر جا کر ملاقات کے دوران کیا۔ ریجنل پو لیس آفیسرافضال احمد کوثر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار کے ہمراہ شہید کنسٹیبل ساجد حسین کے گھر گئے اور اُنکی والدہ سے تعزیت کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

ساجد حسین کے بھائی کنسٹیبل عابد حسین نے بھی فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کی۔ ریجنل پو لیس آفیسر افضال احمد کوثرنے کہا کہ دو شہید بھائیوں کی والدہ پر ہمیں فخر ہے جنہوں نے اس وطن کی حفاظت کی خاطر اپنے دو پھول نچھاور کر دئیے۔

(جاری ہے)

ہم شہیدوں کے پسماندگان کا حق ادا نہیں کرسکتے لیکن ہمیں اس بات کے عزم کااعادہ کرناچاہیے کہ جس مقصد کے لئے شہیدوں نے اپنی جان کی قربانی دی ہے ہم اس مقصد کو آگے لے کرچلیں ۔

ریجنل پو لیس آفیسرافضال احمد کوثرنے کہا کہ ریجنل پولیس کمانڈر ہونے کے ناطے یہ بات کہتے ہوئے مجھے فخر ہے کہ اس ریجن کے عوام کی جان، مال و عزت کے تحفظ اور فرائض کی انجام دہی میں سرگودھا ریجن کی پولیس اپنے شہدا کی وارث ہیں۔ جنہوں نے اپنی جان دیکر اپنے فرض کی ادائیگی میں وفا کے دیئے اپنے خون سے جلائے ہیں ۔ہم اپنی آخری سانس تک اپنے پیارے ملک پاکستان میں قیام امن کو یقینی بنائیں گے۔ کنسٹیبل ساجد حسین نے 30مئی 2005ء کو جبکہ کنسٹیبل عابد حسین نے 23مارچ2000ء کو فرائض کی ادائیگی کے دوران جام ِشہادت نوش کیاتھا۔آخر میں ریجنل پو لیس آفیسر افضال احمد کوثر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار نے شہداء کے لواحقین میں نقد رقم و تحائف تقسیم کیے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں