کمشنر سرگودھا ڈویژن کی زیر صدارت برائلر گوشت کی قیمتوں کے استحکام کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

بدھ 27 مارچ 2024 16:31

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے برائلر گوشت کی قیمتوں کے استحکام کے حوالے سے اجلاس بدھ کے روز اپنے دفتر میں منعقد کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر)شعیب علی، ڈائریکٹر لائیو سٹاک، برائلر فارمز ایسوسی ایشن و برائلر ٹریڈرز ایسوسی کے عہدیداران کے علاؤہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنروں نے شرکت کی۔

کمشنر نے برائلر کے کاروبار سے وابستہ افراد سے رمضان المبارک کے باقی ایام اور عید الفطر پر قیمتوں میں کمی کرنے،طلب کے مطابق رسد اور مقررہ نرخوں پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے،ہر کاروباری فرد کو ان مقدس ایام میں عوام کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

(جاری ہے)

برائلر فارمز اور ٹریڈرز نے باہمی اتقاق سے فوری طور پر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 10 روپے فی کلوگرام کمی کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا میں برائلر کی منڈی نہ ہونے کی وجہ سے نرخ راولپنڈی منڈی کے مطابق مقرر کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سرگودھا ڈویژن میں راولپنڈی منڈی سے بھی دس روپے کم نرخ رکھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عموماً برائلر کی کھپت کم ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے فارمز پر چوزہ کم تعداد میں رکھا جاتا ہے لیکن امسال کھپت بڑھی ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں