وزیراعلیٰ پنجاب کی شہید کانسٹیبل محمد جاوید کےاہل خانہ سے تعزیت کے لیے ڈسکہ کے نواحی گاؤں گجرکلہ آمد

جمعہ 27 مئی 2022 16:58

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2022ء) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز اٹک کے علاقے میں پولیس وین الٹنے سے شہیدہو نے والے کانسٹیبل محمد جاوید کےاہل خانہ سے تعزیت کے لیے ڈسکہ کے نواحی گاؤں گجرکلہ گئے، انہوں نے شہید کانسٹیبل کی بیوہ، بچوں اور بھائیوں سے ملاقات کی ۔انہوں نے شہید کانسٹیبل محمد جاوید کے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا اور شہید کانسٹیبل کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے شہید کی بیٹی اور بیٹوں سے شفقت کا اظہار کیا اور انہیں گلے لگایا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازنےکہا کہ ڈیوٹی کے دوران شہید ہو نے والے کانسٹیبل محمد جاوید کو سلام پیش کرتے ہیں ، انہوں نے شہادت کا بلندرتبہ پایا۔ حکومت شہید کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال کرے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل محمد جاوید کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں ، خاندان کی ہرممکن معاونت کریں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، منشاء اللہ بٹ، عطا تارڑ،ذیشان رفیق، عمران گورائیہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے ہر روز نکلوں گا، ہم عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں۔کانسٹیبل جاوید کے اہل خانہ کو دیکھ کر دل رنجیدہ ہے،اللہ تعالیٰ سب بچوں پر والدین کا سایہ قائم رکھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مارچ کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔ہر طرح کے حربے اپنائے گئے، حملے کئے گئے۔حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود انہوں نے وہی کیا جو 126 دن کے دھرنوں میں کیا گیا۔ 12 کروڑ عوام کے صوبے میں پولیس نے بہترین فرائض سرانجام دیئے۔عوام کے جان و مال کی حفاظت اور امن و امان قائم رکھنے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیڑھ ماہ سے گورنر اور کابینہ نہیں ہے۔پٹرول میں 30 روپے اضافہ کا فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا گیا۔عوام کی آسانی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 40 لاکھ ٹن گندم 2200 روپے فی من کے حساب سے خریدی۔عوام کو آٹا 160 روپے سستا کر کے ساتھ بیچ رہے ہیں۔گھی اور چینی کے نرخ وں میں بھی کمی لائیں گے۔عوام کی مشکل زندگی کو آسان بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے جامع پیکیج دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے سیالکوٹ میں گزشتہ کئی برس سے زیر تکمیل شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعلی کو شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر وزیر اعلی ٰنے کہا کہ یہ منصوبہ بھی گزشتہ حکومت کی نااہلی کی بھینٹ چڑھا،شہاب پورہ اوورہیڈ برج کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گامنصوبے کی ٹائم لائن بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سیالکوٹ میں سیوریج نظام درست کرنے کے لئے جامع پلاننگ کی جائے۔پسرور اور ڈسکہ روڈز پر تعمیر ومرمت کام شروع کرائیں گے۔انہوں نے کہاکہ شہر کی خراب سڑکوں کی تعمیرو مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے۔سیالکوٹ میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائیں گے۔انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ کو ہدایت کی کہ شہر کی حالت زار کو بہتر بنانے کے حوالے سے پلان پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے جو حال یہ ملک اور صوبے کا کیا ہے اسے دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔میں میدان میں نکل آیا ہوں، عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔شہاب پور ہ اوور ہیڈ برج کامنصوبہ مکمل ہونے سےشہر میں ٹریفک مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گورنمنٹ سردار بیگم ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا ۔

انہوں نے ہسپتال کی مختلف وارڈز کامعائنہ کیا ،مریضوں اور تیمارداروں سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے چلڈرن وارڈز میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور والدین سے علاج معالجہ کی سہولتوں بارے استفسار کیا۔انہوں نےزیر علاج بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہسپتال میں داخل ہر مریض کو بروقت بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔میں دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑا ہوں،پوری کوشش کروں گا کہ ہسپتالوں کو حقیقی معنوں میں شفا خانے بناوں۔عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔\932

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں