سکھر ملتان موٹر وے کے قریب مسلح افراد کا پولیس چوکی پر حملہ،فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

دو اہلکاروں کو اسلحہ سمیت اغواءکر لیاگیا،پولیس چوکی پر حملے کے بعد اہلکاروں اور ڈاکووٴں کے مابین فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 24 اپریل 2024 15:35

سکھر ملتان موٹر وے کے قریب مسلح افراد کا پولیس چوکی پر حملہ،فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
سکھر(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 اپریل2024 ء) سکھر ملتان موٹر وے کے قریب مسلح افراد نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا،ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ دو اہلکاروں کو اسلحہ سمیت اغواءکر لیاگیا،پولیس چوکی پر حملے کے بعد اہلکاروں اور ڈاکووٴں کے مابین فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔جن تین افراد کو اغوا کیا گیا ان میں عامر سرکی، خادم حسین سرکی اور بابو پھوڑ شامل ہیں۔

مغویوں کی بازیابی کیلئے پولیس کی بھاری نفری ڈاکوو¿ں کے تعاقب میں روانہ کردی گئی۔واقعہ کے بعد مغویوں کے رشتے داروں نے سندھ بلوچستان اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کیا۔دھرنے کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جیکب آباد میں ڈاکووٴں نے ایک ہی روز میں تین افراد کو اغواءکرلیا۔

(جاری ہے)

رواں ماہ اغوا ہونے والوں کی تعداد 9 ہو گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید ہوگئے تھے۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ مبنی گیٹ کی حدود میں مسلح افراد نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ اے ایس آئی زخمی ہوگیاتھا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شہید اہلکاروں کی میتیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں تھیں جبکہ اے ایس آئی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔پولیس نے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا جبکہ پولیس نے مسلح افراد کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل بھی خیبرپختونخوا ہ کے ضلع ٹانک میں مسلح افراد کے پولیس پر حملے میں ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

ڈی پی او ٹانک افتخار شاہ کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی چن شاہ کی سربراہی میں پولیس اہلکار 11 سالہ بچی کے اغواءکاروں کی تلاش میں گاوں شاہ نور میں موجود تھے کہ گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی تھی جس کے نتیجے میں تھانہ صدر کے ایس ایچ او عبدالعلی، کانسٹیبل وہاب اور محمد عالم جاں بحق ہوگئے تھے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں