کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سکھر میں یوم استحصال منایا گیا‘ میئر سکھر اور ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی

بدھ 5 اگست 2020 22:47

سکھر۔5 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی جابرانہ اقدام کو ایک برس مکمل ہونے پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سکھر میں یوم استحصال منایا گیا‘ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی کمشنر رانا عدیل کی قیادت میں نہتے کشمیریوں پر جارحیت کے خلاف عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں میونسپل کمشنر گل محمد کھوکھر ‘ کوآرڈینیٹر ٹو میئر محمد علی شیخ ‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی ‘ یوسی چیئرمینز یاسین آرائیں‘ غلام مرتضی گھانگھرو ‘ نہال ہاشمی ‘ عبدالرحمن صدیقی‘ خواتین ممبران عذرا جمال ‘ قمرالنساء پھلپوٹو سمیت میونسپل افسران پیر عطاء الرحمن خان ‘ عابد علی انصاری ‘ فیاض میمن ‘ سرکاری ملازمین ‘ اسکائوٹس ‘ غیر سرکاری تنظیموں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

یوسی 13 کے دفتر سے سکھر پریس کلب تک نکالی گئی ریلی میں شریک ہزاروں شہریوں نے ’’ کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ ، ’’انڈیا اور مودی مردہ باد ‘‘ اور ’’کشمیریوں سے رشتہ کیا ‘ لا الہ الا اللہ‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگاکر اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا کہنا تھا کہ یوم استحصال منانے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارت کے یکطرفہ اقدام کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے ‘ بھارتی فوج مودی کے حکم پر نہتے کشمیریوں پر جو ظلم کر رہی ہے ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارتی فوج فوری طور پر کشمیر سے باہر نکل جائے اور بے گناہ کشمیریوں کو آزادی دے جو انکا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے ظلم و جبر ‘ بلاجواز گرفتاریوں اور کرفیو کے مسلسل نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت کو متنبہ کیا گیا کہ وہ طاقت کے بل پر اور اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے سے باز رہے ‘ بھارت یہ نہ سمجھے کہ طاقت کے استعمال سے وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا سکتا ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں