ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے منعقدہ دسویں سالانہ بین الاقوامی کھجور فسیٹیول کا افتتاح

ہفتہ 24 اگست 2019 23:04

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے منعقدہ دسویں سالانہ بین الاقوامی کھجور فسیٹیول کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادگاروں اور تاجروں کو چھوارے اور کھجور ایکسپورٹ کرنے کے لیے صرف بھارت پر انحصار نہیں کرنا چاہیے دیگر ممالک سے کھجور کی تجارت میں اضافے کے لیے وفاقی حکومت اور آبادگاروں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی خیرپور کے شہید بینظیر بھٹو اوپن ائیر تھیٹر میں دوروزہ کھجور نمائش شروع ہوگئی ہے جس کا افتتاح سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے ربن کاٹ کر کیا۔

اس موقع پر امن کی علامت کبوتروں کو آزاد فضا میں چھوڑا گیا۔

(جاری ہے)

سید قائم علی شاہ اور دیگر مہمانوں نے شہیدبینظیر بھٹو اوپن ائیر تھیٹر میں لگائی گئی نمائش کے دوران مختلف کھجور کے اسٹالوں کا معائنہ کیا اور مختلف اجناس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے سچل آڈیٹوریم میں منعقدہ کھجور سیمینار اور افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیرپور کی کھجور دنیا میں مشہور ہے وفاقی حکومت کو خیرپور کی کھجور اور چھوارے کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کرنی چاہیے اس سلسلے میں آبادگار تنظیمیں آگے آئیں اور وفاق سے رابطے میں رہیں انہوں نے کہا ک کھجور کے کاشتکاروں اور تاجروں کو صرف بھارت پر انحصار نہیں کرنا چاہیے دیگر ممالک سے کھجور کی تجارت بڑھانے کے لیے روابط تیز کرنا ہونگے تب ہی کاشتکار فائدہ حاصل کرسکیں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ زرعی ماہرین اور افسران کو لیکچرز اور سیمیناروں سے نکل کر عملی میدان میں آنا ہوگا، لیکچروں، مقالوں اورتقریروں سمیت احیتاطی تدابیر کو کتابی صورت میں شائع کراکر کاشتکاروں میں تقسیم کیا جائے انہوں نے کہا کہ دنیا میں کھجور کے حوالے سے صرف پاکستان کا نام مشہور ہے خیرپور کے حوالے سے نہیں بتایا گیا خیرپور کی کھجور کو پہچان ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت میں فنڈز کی کمی نہیں جس کا صحیح استعمال کیا جائے اور محکمہ زراعت کو کھجور و دیگر فصلوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے تدابیر اور مفید مشوروں کے سلسلے میں لٹریچر چھپوانا چاہیے تاکہ آبادگار وں اور نواجون نسل کو آگاہی حاصل ہوسکے۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ زراعت اور تحقیقی اداروں و افسران پر زور دیا کہ کھجور کو بارشوں سے بچانے کے لیے مزید تحقیق کریں اور کاشکاروں کو آگاہی دی جائے کہ وہ کھجور کو بارشوں سے کیسے محفوظ رکھیں۔

سید قائم علی شاہ نے میڈیا کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا مسئلہ عدالت میں ہے امید ہے کہ فیصلہ انصاف پر مبنی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں کشمیر کے مسئلے پر جس طرح آج ملکی سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں وہ بہت پہلے ہونی چاہیے تھیں پاکستانی قوم کشمیر کے مسئلے پر متحد ہے۔

کراچی کی صفائی ستھرائی اور مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو صاف ستھرا رکھنا عوام اور حکومت دونوں کی ذمہ داری ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ خیرپور ڈیٹ پام گروورزاینڈ ٹریڈرز بورڈ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ 90 فیصد کھجور بھارت ایکسپورٹ ہوتی تھی جس کہ اس وقت موجودہ صورتحال کے باعث تعطل کا شکار ہے تاہم سیمینار کا مقصد کھجور کی فروخت کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنا ضروری امر ہے انہوں نے کہا کہ کامرس ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے سری لنکا وفد خیرپور آیا تھا آئندہ دنوں میں بنگلہ دیش کا تجارتی وفد بھی خیرپور کا دورہ کرے گا کھجور کی ایکسپورٹ بھارت کے علاوہ دیگر ممالک سے کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور حکومت سے رابطے میں ہیں۔

سیمینار سے ڈیٹ پام ریسرچ انسٹیٹیویٹ شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام سرور مرکھنڈ، ڈیٹ پام ریسرچ سینٹر کوٹ ڈیجی کے اللہ ڈنو شاہ، ڈائریکٹر زراعت سکھر رسول بخش جونیجو، اسسٹنٹ کمشنر خیرپور مرزا ولید بیگ اور دیگر ماہرین نے کھجور کی پیداوار میں اضافے، بیماریوں سے بچاؤ کے سلسلے میں مقالے اور تقاریر کیں۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما لال بخش منگی، نظر محمد گاہو، سید علی مدد شاہ، فقیر شیر علی ڈیتھو، مظہر خان، سلیمان کٹوہر، سید اکبر شاہ سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ سیمینار میں خیرپور اسپیشل اکنامک زون میں اسٹیل انڈسٹری لگانے والی چینی کمپنی کے وفد نے مسٹر وانگ کی سربراہی میں مہمانوں سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ سالانہ دسویں کھجور نمائش میں زراعت، صحت، انیمل ہسبنڈری، خیرپور ایگریکلچر کالج، سرسو، واٹر مینجمنٹ، خیرپور آرٹس کونسل سمیت مختلف سماجی نوجوان تنظیموں، دستکاری سے وابستہ معذور افراد اور دیگر کی جانب سے 100 سے زائد اسٹال لگائے گئے ہیں کھجور نمائش دور روز تک جاری رہے گی۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں