روہڑی اسٹیشن کے وینڈنگ کنٹریکٹر اسٹال مالکان کو بند اسٹالوں کا ماہانہ کرایہ جمع کرانے کے نوٹسز جاری کردئیے گئے، وزیراعظم سے امداد ی پیکج کی اپیل

بدھ 8 اپریل 2020 23:29

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) روہڑی اسٹیشن کے وینڈنگ کنٹریکٹر اسٹال مالکان کو ریلوے انتظامیہ نے بند اسٹالوں کا بھی ماہانہ کرایہ جمع کرانے کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں،ان کے اسٹالوں کی الاٹمنٹ منسوخ کیے جانے کا بھی خدشہ ہے۔ اس صورتحال میںروہڑی ریلوے اسٹیشن کے اسٹال مالکان دوہری پریشانی میں مبتلا ہیں، ، متاثرہ وینڈنگ کنٹریکٹرز نے وزیر اعظم سے امدادی پیکیج کی اپیل کی ہے، پاکستان کے بڑے اور اہم ترین ریلوے اسٹیشن روہڑی پر اشیاء خوردونوش کے اسٹالوں کے وینڈنگ ٹھیکہ داروں نے بتایا کہ کورونا کی وباء کے بعد وفاقی وزارت ریلوے کی جانب سے پچیس مارچ سے مسافر ٹرینوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند کررکھی ہے، جس کے بعد روہڑی ریلوے اسٹیشن پر تقریباً پچاس کے قریب اشیاء خورد نوش کے اسٹال بھی مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں اور ان میں سے فی اسٹال کا کرایہ ماہانہ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے ریلوے کو ادا کیا جاتا تھا، اب جبکہ کاروبار مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں اور وفاقی حکومت بے روز گار ہونے والے افراد کے لئے مختلف امدادی پیکجز اور نقد رقوم کے اعلانات کررہی ہے تو، ایک جانب تو روزگار بند ہونے کی وجہ سے اسٹال مالکان سمیت تقریباً 6 سو افراد مکمل طور پر بے روزگار ہوچکے ہیں تو دوسری جانب ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ان بند اسٹالوں پر کرایہ لاگو کرکے نوٹس جاری کرنے سے صورتحال خاصی گھمبیر ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

روہڑی ریلوے اسٹیشن پر قائم اسٹالوں کے مالکان نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر بے روزگار ہونے والے اسٹال مالکان کے لئے بھی امدادی پیکج کا اعلان کریں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں