خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے، امیر مقام

ابھی وفاقی حکومت نے بجٹ پیش کیا ہی نہیں ہے اور صوبائی حکومت خیبر پختونخوانے بجٹ پیش کردیا، آپ کومعلوم ہی نہیں کہ وفاقی بجٹ میں آپ کے صوبے کا کتناحصہ ہے ، وفاقی وزیر

ہفتہ 25 مئی 2024 18:56

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2024ء) وفاقی وزیر برائے سیفران و امورکشمیروگلگت بلتستان انجینئر امیرمقام نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کاپیش کردہ بجٹ صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے ، ابھی وفاقی حکومت نے بجٹ پیش کیا ہی نہیں ہے اور صوبائی حکومت خیبر پختونخوانے بجٹ پیش کردیا، آپ کومعلوم ہی نہیں کہ وفاقی بجٹ میں آپ کے صوبے کا کتناحصہ ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کو لاہور بار ایسوسی ایشن صوابی کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر مقام نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت سے پہلے بجٹ پیش کرنے سے ملکی وبیرونی سطح پرہمارے صوبے کا امیج متاثر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دے ، گزشتہ دس سا لوں سے آ پ نے یہاں حکومت کی ،ان دس سالوں میں آپ نے باہر سے کونسی انویسٹمنٹ لائی ہی سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ بند کریں اور عوام نے اپنے مسائل کے حل کے لئے آپ کو جو مینڈیٹ دیا ہے اس پر توجہ دیں ، آپ مریم نواز کی حکومت کے ساتھ اپنا موازنہ کریں ، وہاں اگر ترقیاتی کام ہورہے ہیں توصوبے کے وسائل کودیکھ کراس سے دگنے ترقیاتی کام ادھر ہوسکتے ہیں مگر پی ٹی آئی حکومت کے سوشل میڈیا ورکرزترقیاتی کاموں کے حوالے سے جھوٹی خبر یں چلاکر لوگوں کوگمراہ کررہے ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبارشریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے حقیقی معنوں میں ملک کی خدمت کررہے ہیں ، چائنہ،سعودی عرب،متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کار ملک میں بڑے پیمانے پرسرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے یہاں بیروزگاری سمیت مہنگائی کاخاتمہ ہوگااور ملک کے غریب عوام کاجینا آسان ہوجائیگا۔امیرمقام نے کہا کہ 9مئی کے واقعات سے ملک کو زیادہ نقصان پہنچا ہے نہ کہ انفرادی طور پر کسی فرد کو۔

انہوں نے کہاکہ صوابی میرا دوسرا گھرہے،ماضی میں یہاں کے عوام کی بہتری وآسانی کے لئے ترقیاتی کام کئے ہیں جن میں یہاں پر گیس کی فراہمی،پاسپورٹ آفس،تحصیل سطح پر نادرا دفاتر کاقیام اورمختلف علاقوں میں بجلی گرڈسٹیشن کی اپ گریڈیشن جیسے منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ آنے والے والے دور میں بھی مزید ترقیاتی منصوبے لائیں گے۔امیر مقام نے کہاکہ جون میں چھوٹا لاہورگریڈسٹیشن فعال ہوگا جس سے یہاں پر کم وولٹیج کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

انہوں نے لاہور بارایسوسی ایشن کیلئی20 لاکھ کی گرانٹ کااعلان کرتے ہوئے دیگر مسائل کی حل کی یقین دہانی کروائی۔قبل ازیں وفاقی وزیر انجینئر امیرمقام نے لاہور بارایسوسی ایشن صوابی کے نومنتخب صدرشاہدنعیم ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری ضیاء الحق سمیت دیگر کابینہ ممبران سے حلف لیا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ضلعی صدر شیرازباچہ کے علاوہ ضلعی عہداران افتحاراحمد ، عدیل خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

صوابی میں شائع ہونے والی مزید خبریں