صحت کارڈ کے بحالی سے اب کوئی بھی مریض بغیر علاج کے نہیں رہے گا ،فضل حکیم یوسفزئی

منگل 26 مارچ 2024 21:30

صحت کارڈ کے بحالی سے اب کوئی بھی مریض بغیر علاج کے نہیں رہے گا ،فضل حکیم یوسفزئی
سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات،ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کے بحالی سے اب کوئی بھی مریض بغیر علاج کے نہیں رہے گا ،ہمارے لئے ہسپتال آنے والا ہر مریض اہم ہے کیونکہ انسانی جان بہت قیمتی ہوتی ہے ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے صحت کارڈ بحال کرنا انقلابی اقدام ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدوشریف کیجولٹی ہسپتال میں صحت کارڈ کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس سلسلے میں سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا افتتاحی تقریب میں سٹی میئر شاہد علی خان، سی ای او پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہاکہ صحت کارڈ کے اجراء سے پیسے جیب میں نہ ہونے کی وجہ سے علاج معالجے سے محروم افراد مایوس نہ ہوں اب کوئی مریض بغیر علاج نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ میں سیدو شریف کیجولٹی سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں کیساتھ ساتھ نجی ہسپتال بھی پینل میں شامل ہے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جہاں بھی چاہیں علاج کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کے حوالے سے عوام کی بھرپور رہنمائی کی جائے تاکہ کم آمدنی اور متوسط طبقے والے لو گ بر وقت علاج کروا کر بیماری سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کی خوشحالی اور ترقی پر یقین رکھتی ہے اسلئے ہر شعبے میں عوام کی توقعات کے مطابق بہتری لائی جائے گی اور عوام دوست اقدامات کئے جائیں گے ۔بعدازاں صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کیجولٹی ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور تیمارداروں سے سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔

سوات میں شائع ہونے والی مزید خبریں