بیٹنی قوم نے اپنا غیر قانونی ٹنوں پر مشتمل بھاری اسلحہ رضاکارانہ طور پر سیکورٹی فورسز کے حوالے کردیا

ہمیشہ ملک وقوم کے مفاد میں سیکورٹی اداروں کا ساتھ دیا ہے آج کا دن تاریخ کے لحاظ سے بہت ہی اہمیت کا حامل ہے‘سیکٹر کمانڈر سائوتھ

بدھ 26 جنوری 2022 18:20

ٹانک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) ایف سی ساؤتھ اور افواج پاکستان کی کوششوں سے بیٹنی قوم نے ملک خداد اور علاقہ کے وسیع تر مفاد میں اپنا غیر قانونی ٹنوں پر مشتمل بھاری اسلحہ رضاکارانہ طور پر سیکورٹی فورسز کے حوالے کردیا آئی جی ایف سی ساؤتھ نے بیٹنی قوم کے ملکی مفاد میں اقدام اٹھانے کو خوش آئند عمل قرار دیا ضم شدہ قبائلی علاقہ سب ڈویڑن جنڈولہ سے تعلق رکھنے والے بیٹنی قبائل نے ملک اور علاقہ کے وسیع تر مفاد میں اپنا غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کے حوالے سے ایف سی قلعہ جنڈولہ میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سیکٹر کمانڈر ساؤتھ ڈپٹی کمشنر ٹانک ارشد قیوم برکی،اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن جنڈولہ اللہ نور شیرانی،کمانڈنگ آفیسر 245 ونگ،ڈی ایس پی رورل حسین غلام بنگش،ملک پتو بیٹنی علاقائی عمائدین،مقامی صحافیوں سمیت بیٹنی اقوام سے تعلق رکھنے والے مشران شریک تھے ضم شدہ علاقہ سب ڈویژن جنڈولہ کے بیٹنی قوم کی جانب سے سیکورٹی فورسز کو رضاکارانہ طور پر جو اسلحہ حوالے کیاگیا اسمیں میں اینٹی ائر کرافٹ گنیں،راکٹ لانچر،مارٹر اور ہزاروں کارتوس شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک پتواور بیٹنی قوم کے مشران کا کہنا تھا کہ بیٹنی قوم محب وطن اور امن پسند ہے ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ہتھیار نہیں قلم دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر معاشرے اور ملک کے کارآمد شہری بن سکیں انہوں نے کہا کہ بیٹنی قوم کی ملک سے محبت کی واضح مثال آج غیر قانونی اسلحہ جمع کرانا ہے بیٹنی قوم جان چکی ہے کہ ہتھیار سے نہیں بلکہ قلم کے استعمال سے ہی علاقہ میں ترقی اور خوشحالی لائی جا سکتی ہے اب حالات بدل چکے ہیں ہم امن اور تعلیم چاہتے ہیں شرکاء کی جانب سے بیٹنی قوم کے بچوں کے بہتر مستقبل اور اعلی تعلیم کے حصول کے لیے کیڈٹ کالج اسپینکئی میں کوئہ مختص کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیاتقریب کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر ساؤتھ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنی قوم امن پسند قوم ہے انہوں نے ہمیشہ ملک وقوم کے مفاد میں سیکورٹی اداروں کا ساتھ دیا ہے آج کا دن تاریخ کے لحاظ سے بہت ہی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ بیٹنی قوم نے جذبہ حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا غیر قانونی اسلحہ رضاکارانہ طور پر ایف سی ساؤتھ کے حکام کو جمع کرا دیا ہے انہوں نے کہا کہ آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل محمد منیر کی جانب سے بیٹنی قوم کے مذکورہ اقدام کو جو انہوں نے ملکی اور علاقائی مفاد میں اٹھایا ہے کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے سیکٹر کمانڈر ساؤتھ کا مذید کہنا تھا کہ بیٹنی قوم جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور علاقے کے بنیادی مسائل حل کرنے میں افواج پاکستان اور ایف سی ساؤتھ کی معاونت فرما کر ذمہ دار قوم ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں تقریب کے موقع پر سیکٹر کمانڈر ساؤتھ نے ملکی مفاد میں غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے پر آئی جی ایف سی ساؤتھ کی جانب سے بیٹنی قوم کے پندرہ مشران کو عمرہ پیکج سے نوازا جس پر مشران نے آئی جی ایف سی ساؤتھ اور سیکٹر کمانڈر ساؤتھ کا شکریہ ادا کیا تقریب کے اختتام پر افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گیے اور ملکی سلامتی کے لئے اجتماعی دعاء مانگی گئی-

ٹانک میں شائع ہونے والی مزید خبریں