ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید

سکیورٹی فورسز کی گاڑی الیکشن کی ڈیوٹی پر تھے کہ اس دوران اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 فروری 2024 11:30

ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید
ٹانک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 فروری 2024ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقہ کوٹ اعظم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک سکیورٹی اہلکار شہد ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کوٹ اعظم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی الیکشن کی ڈیوٹی پر سکیورٹی دے رہی تھے کہ اس دوران اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، اس واقعے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر ٹانک محمد شعیب نے بتایا کہ کوٹ اعظم میں پولنگ جاری ہے، کوٹ اعظم میں کسی بھی جگہ پولنگ اسٹیشن پر حملہ نہیں ہوا، حملہ سیکورٹی فورسز کی گشت پارٹی کی گاڑی پر ہوا، میڈیا پرپولنگ کے عملے پر حملے کی خبریں غلط ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں، اس لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کہتے ہیں کہ گذشتہ روز بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے، امید ہے انتخابات کا عمل بخیریت و عافیت مکمل ہوگا، سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لینا وزارت داخلہ اور ایجنسیز کا کام ہے، الیکشن کمیشن وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں دے گا، موبائل سروس معطلی کی خبریں میڈیا پر دیکھیں، ہم کہیں موبائل سروس کھول دیں اور دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا؟۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ بند ہونے سے ہمارے سسٹم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے، انتخابات صاف و شفاف ہوں گے، ووٹرز اپنی مرضی کے امیدوار کو آزادی سے ووٹ ڈالیں، انتخابات قومی فریضہ ہے ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، تاہم بلوچستان میں دہشت گردی کے 2 واقعات ہوئے ہیں اور لوگ شہید ہوئے ہیں، اس لیے امن و امان کے اداروں نے انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹانک میں شائع ہونے والی مزید خبریں