سجاول ضلع میں جعلی ڈومیسائل کے اجراء کا سلسلہ جاری

شہری اتحاد، پی پی ش بھ اور دیگرتنظیموں کاجعلی ڈومیسائل کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان

منگل 22 اکتوبر 2019 23:32

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) سجاول ضلع میں جعلی ڈومیسائل کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے ، شہری اتحاد، پی پی ش بھ اور دیگرتنظیموں نے جعلی ڈومیسائل کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں شہری اتحاد اور پی پی ش بھ کے رہنمایونس بھان نے بتایاکہ جعلی ڈومیسائل کے خلاف انہوں نے ڈی سی آفس میں بھی اعتراض کیاہے تاہم یہ سلسلہ جاری ہے، ضلع سجاول کو بنے پانچ سال مکمل ہوگئے ہیں اس دوران بڑے پیمانے پر جعلی ڈومیسائل بناکر مقامی لوگوں کی حق تلفی کی گئی ہے ضلع میں پیداہونے والی اسامیوں پر جعلی ڈومیسائل کی بھرتیاں کی گئیں ہیں اور نوجوانوں کو جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر اعلیٰ تعلیم کے لئے داخلے دلائے گئے ہیں، انہوں نے کہاکہ سجاول ضلع بننے کے بعد سینکڑوں خالی اسامیوں پر دیگراضلاع کے افراد کو جعلی ڈومیسائل جاری کرکے انہیں بھرتی کیاگیاہے، پولیس، صحت، تعلیم، سمیت دیگرتمام شعبوں میں پیداہونے والی اسامیوں کی بندربانٹ کی گئی ہے، یہ نوکریاں مقامی لوگوں کا حق ہے لیکن ان کو بھرنے کے لئے دیگراضلاع سے ٹرانسفرکراکے پر کیاگیا، اور جعلی ڈومیسائل بنائے گئے، اس طرح سے مقامی بیروزگارنوجوانوں کا حق ماراگیاہے، پانچ سالوں میں یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے بھی مقامی نوجوانوں کے بجائے جعلی ڈومیسائل والے بازی لے گئے اور سینکڑوں مقامی نوجوان اعلیٰ تعلیم کے حصول سے محروم رہ گئے ہیں، انہوں نے کہاکہ مقامی یوسی، ٹائون کمیٹیوں میں جعلی ریزیڈنٹس سرٹیفکیٹس جاری کئے جارہے ہیں جن کی بنیاد پر ڈی سی آفس میں جعلی ڈومیسائل جاری کئے جارہے ہیں، ان کے خلاف ثبوت کے ساتھ شکایات بھی درج کی گئی ہیں لیکن انہیں کینسل نہیں کیاگیا، اور جعلی ڈومیسائل کا اجراء کا سلسلہ جاری ہے،انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں اے پی سی بلاکرجعلی ڈومیسائل مافیاکے خلاف باقائدہ تحریک چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیاکہ ضلع سجاول میں پانچ سالوں کے دوران تمام اسامیوں پر بھرتیوں کے ڈومیسائل چیک کرکے غیرمقامی افراد کو واپس بھیجاجائے،اور جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر یونیورسٹیوں کے داخلے منسوخ کرکے مقامی افراد کو حق دیاجائے۔#

متعلقہ عنوان :

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں