ایم اینڈ آر کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کو وقت پر مکمل کیا جائے،عباس بلوچ

کہ رین ایمرجنسی میں جو عمارات پرانی ہیں ان کا مرمتی کام جلد شروع کرایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد

جمعرات 22 اپریل 2021 00:00

ٹھٹھہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2021ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ایم اینڈ آر کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کو وقت پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان سے زیاد ہ سے زیادہ استفادہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رین ایمرجنسی میں جو عمارات پرانی ہیں ان کا مرمتی کام جلد شروع کرایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ ہدایت انہوں نے ایم اینڈ آر کے تحت جاری اسکیموں اور ممکنہ بارشوں کی صورتحال کے حوالے سے متعلقہ افسران سے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے سندھ بلڈنگس کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جن سرکاری عمارات کی حالت خراب ہے ان کی بحالی کیلئے جلد کام کیا جائے اور جہاں بھی پانی کی نکاسی میں رکاوٹ ہے تو اس کو ختم کیا جائے اور ایم اینڈ آر کے تحت اگر فنڈز موجود ہوں تو ان کو رین ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لایا جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ تمام محکمے ملکر اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں تاکہ بارشوں میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹہ جا سکے۔ کمشنر حیدرآباد نے محکمہ بلڈنگس کے افسران پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تھوڑی سی بارش میں ہی شہباز بلڈنگ میں پانی جمع ہو جاتا ہے اور اس حوالے سے محکمہ بلڈنگس کی جانب سے ڈرینج کے موثر انتظامات کیوں نہیں کیے جاتے۔

کمشنر نے مزید کہا کہ شہباز بلڈنگ کے ڈرینج سسٹم کو بہتر بنایا جائے تاکہ بارشوں کا پانی بلڈنگ میں جمع نہ ہو اور اس ضمن میں کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وحدت کالونی میں پانی کی نکاسی کی گنجائش بڑھائی جائے تاکہ بارشوں کا پانی کالونی میں جمع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی عمارت کی تعمیر کے وقت ڈرینج سسٹم کی بہتری ہماری ترجیح ہونی چاہیے تاکہ برسات میں عمارات کے آگے پانی جمع نہ ہو۔

کمشنر حیدرآباد نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو ہدایت کی کہ ایم اینڈ آر کے تحت خرچ کیے گئے فنڈز کی جانچ کی جائے کہ کتنی رقم کہاں خرچ کی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ رین /فلڈ ایمرجنسی کی صورتحال میں عوام کی مشکلاتوں کو کم سے کم کیا جا سکے۔ اجلاس میں بارشوں کے پانی کی نکاسی اور دیگر انتظامی امور کے متعلق تفصیلی طور پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی عامر حسین جتوئی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

ٹھٹھہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں