وزیرآباد،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم پنجاب کی تیسری بڑی جدید بائیو سیفٹی لیب 3 کے عملہ کو خصوصی الائونس دینے کی بجائے ان کی تنخواہ کاٹ لی گئی

لیب میں 26روز میں 3ہزار کرونا ٹیسٹ کئے گئے

ہفتہ 16 مئی 2020 23:12

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2020ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں قائم پنجاب کی تیسری بڑی جدید بائیو سیفٹی لیب 3 کے عملہ کو خصوصی الائونس دینے کی بجائے ان کی تنخواہ کاٹ لی گئی۔ لیب میں 26روز میں 3ہزار کرونا ٹیسٹ کئے گئے ۔لیبارٹری میں پتھالوجسٹ،میڈیکل آفیسر، ٹیکنیشن اور ٹیکنالوجسٹ سمیت عملہ کی تعداد آٹھ ہے۔مذکورہ لیبارٹری کو گوجرانوالاہ ڈویژن میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کی تیسری بڑی بی ایس ایل 3لیب 26روز قبل قائم کی گئی تھی جس پر مبینہ طور پر 13کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔لیبارٹری میں اب تک 3ہزار کرونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔لیبارٹری میں ایک پتھالوجسٹ، دو میڈیکل آفیسر، تین لیب ٹیکنیشن اور دو لیب ٹیکنالوجسٹ تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت نے ایسی لیبارٹریوں میں کام کرنے والے عملہ کے لئے خصوصی الائونس کا اعلان کیا تھا لیکن عملہ کو خصوصی الائونس دینے کی بجائے ان کی تنخواہوں میں سے کٹوٹی کر لی گئی ہے۔

وزیرآباد کی بی ایس ایل 3لیب میں تعینات عملہ نے لیبارٹری کو اس کی مکمل صلاحیت کے مطابق فعال کر دیا ہے۔ سرکاری طور پر لیبارٹری کی صلاحیت 100ٹیسٹ روزانہ ہے جبکہ عملہ نے اضافی محنت کر کے 26روز میں تین ہزار کرونا ٹیسٹ کئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے انہیں کوئی ایوارڈ نہیں دیا گیا ہے۔عوامی سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حساس لیبارٹری میں کام کرنے والے عملہ کو خصوصی الائونس دینے کا بندوبست کر ے۔ ۔

متعلقہ عنوان :

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں