قومی ہاکی ٹیم ورلڈ ہاکی لیگز سیمی فائنل رائونڈ میں شرکت کیلئے (کل) لندن روانہ ہوگی

بھارت کے خلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں ہے،کپتان عبد الحسیم خان

جمعہ 26 مئی 2017 21:19

قومی ہاکی ٹیم ورلڈ ہاکی لیگز سیمی فائنل رائونڈ میں شرکت کیلئے (کل) لندن روانہ ہوگی
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) قومی ہاکی ٹیم ورلڈ ہاکی لیگز سیمی فائنل رائونڈ میں حصہ لینے کے لئے (کل) ہفتہ کی صبح لاہور سے لندن روانہ ہوگی ۔ورلڈ کپ کوالیفائر ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ قومی ہاکی ٹیم کے لئے انتہائی اہم ہے ۔قومی ہاکی ٹیم 2014کے ورلڈ کپ اور 2016کے اولمپک میں رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر نے جمعہ کی شام ٹیم کے اراکین سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد کھوکھر نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑی ایونٹ میں بہترین پرفارمنس دکھانے کے لئے پرعزم ہیں ۔تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں ۔قومی ٹیم نے حال ہی میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ کیا ہے اور وہاں سے انہیں کافی تجربہ ملا ہے جو کہ میگا ایونٹ میں کام آئے گا ۔

(جاری ہے)

قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ قومی ہاکی ٹیم ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلے گی ۔

کیمپ میں کھلاڑیوں کی کمزوریوں پر کافی حد تک قابو پایا گیا ہے ۔ ٹیم کے کپتان عبدالحسیم خان کا کہناتھا کہ ٹیم پر بھارت کے خلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں ہے اسکے خلاف بھی دیگر ٹیموں کی طرح کھیلیں گے ۔ہمارے لئے ہر میچ اہم ہے ۔ہمارا ٹارگٹ اچھی پرفارمنس دینا اور ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنا ہے ۔
وقت اشاعت : 26/05/2017 - 21:19:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :