آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، انگلینڈ نے عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 40 رنز سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، کینگروز کی شکست کے ساتھ بنگلہ دیشی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی، سٹوکس اور مورگن نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے کینگروز کی جیت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، سٹوکس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

ہفتہ 10 جون 2017 23:09

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، انگلینڈ نے عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 40 رنز سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، کینگروز کی شکست کے ساتھ بنگلہ دیشی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی، سٹوکس اور مورگن نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے کینگروز کی جیت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، سٹوکس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
برمنگھم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2017ء) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ نے عالمی چیمئپن آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 40 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، کینگروز کی شکست کے ساتھ ہی بنگلہ دیشی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی، بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا، انگلش ٹیم نے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 40.2 اوورز میں 4 وکٹوں پر 240 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد میچ مکمل نہ ہو سکا اور انگلش ٹیم 40 رنز سے فتح یاب قرار پائی۔

سٹوکس اور مورگن نے مشکل وقت میں دلکش اننگز کھیل کر کینگروز کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا، سٹوکس 102 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، مورگن 87 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

(جاری ہے)

ہیڈ، سمتھ اور فنچ کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔ سٹوکس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتے کو چیمپئنز ٹرافی کے دسویں میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو آسٹریلوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ٹریوس ہیڈ 71 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ایرون فنچ 68 اور کپتان سٹیون سمتھ 56 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے، ڈیوڈ وارنر 21، موئسز ہنرکس 17، گلین میکسویل 20، میتھیو ویڈ 2، مچل سٹارک صفر، پیٹ کمنز 4 اور ایڈم زمپا صفر پر آئوٹ ہوئے۔

مارک ووڈ اور عادل رشید نے 4، 4 اور سٹوکس نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں انگلش ٹیم نے 40.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے باعث میچ مکمل نہ ہو سکا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انگلش ٹیم 40 رنز سے فاتح قرار پائی، سٹوکس102 اور بٹلر29 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 35 کے سکور پر اس کے تین مستند بلے باز آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، جیسن روئے 4، ایلکس ہیلز صفر اور جو روٹ 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان مورگن اور سٹوکس نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر کینگروز بائولرز کا مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 159 اہم رنز جوڑ کر میچ کا نقشہ بدل دیا، مورگن 5 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

ہیزلووڈ نے دو اور سٹارک نے ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 10/06/2017 - 23:09:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :