پی ایچ ایف سیکرٹری شہباز سینئر کا دورہ راولاکوٹ

راوں سال ستمبر میں راولاکوٹ میں قومی سطح کا ہاکی ٹورنامنٹ کروانے ، کوچنگ کیمپ اور آزاد کشمیر کے 19سال سے کم عمر کھلاڑیوں کوپاکستان کے مختلف کلبوں اور چمپیئن شپ میں کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان

پیر 24 جولائی 2017 14:12

پی ایچ ایف سیکرٹری شہباز سینئر کا دورہ راولاکوٹ
راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جولائی2017ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)کے سیکرٹری اور سابق اولمپئن شہباز احمد سینئر کا دورہ راولاکوٹ، راوں سال ستمبر میں راولاکوٹ میں قومی سطح کا ہاکی ٹورنامنٹ کروانے ، کوچنگ کیمپ لگانے اور آزاد کشمیر کے 19سال سے کم عمر کھلاڑیوں کوپاکستان کے مختلف کلبوں اور چمپیئن شپ میں کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

یہ اعلان پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کے سیکرٹری شہباز احمدسنیئرنے اپنے ایک روزہ دورہ راولاکوٹ کے دوران ہاکی ایسوسی ایشن آزاد کشمیر اور مقامی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔ اِس موقع پر کمشنر پونچھ عطاء اللہ عطاء کمشنر بحالیا ت محترمہ تہذیب النساء ، ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شہباز احمد سنیٹر کو دورہ راولاکوٹ کی دعوت ڈپٹی کمشنر پونچھ نے دی تھی جس کا مقصد آزاد کشمیر بالخصوص راولاکوٹ میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے اور آزاد کشمیر کے واحد آسٹر ٹرف کو بہتر طریقے سے استعمال میں لانا تھا ۔ سیکرٹری پی ایچ ایف کو آزاد کشمیر ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر محمد اخلاق خان نے بریفنگ دی اور انہیں بتایا کہ اِس خطہ میں ہاکی کا کھیل اسقدر مقبول ہے کہ ہاکی کی اے جے کے قومی چمپیئن شپ کے 36ایونٹس میں سے 32پونچھ نے جیتے ہیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے بھی انہیں اس حوالے سے تفصیلاً بتایا، شہباز احمد نے اس خطے میں ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لیے فیڈریشن کی جانب سے ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ انہوں نے ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ اگست کے آخری ہفتے تک اے جے کے چیمپئن شپ کروائے ۔ جس کے لیے ہمارے آفیشلز اور کوچزدورہ کریں گے ۔ اِسی دوران آزاد کشمیر کی قومی ٹیم تشکیل دی جائے گی جو ستمبر میں راولاکوٹ میں ہی پی ایچ ایف کے تعاون سے منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کرئے گی ۔

اِس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے تمام بڑے اداروں کی ٹیمیں شریک ہوں گی اور سابق اولمپئن کی ٹیم بھی خصوصی طور پر راولاکوٹ میں ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ شہباز احمد نے راولاکوٹ میں تربیتی کیمپ لگانے اور آزاد کشمیر کے ہاکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں منعقد ہونے والے مختلف ایونٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی بعد ازاں انہوں نے آسٹر ٹرف کا بھی معائنہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
وقت اشاعت : 24/07/2017 - 14:12:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :