پاکستان کرکٹ بورڈ کے ابوظبی کرکٹ حکام سے معاملات طے ،سری لنکا سے سیریز میں مارکیٹنگ پر بورڈ سے کوئی رقم نہیں لے گا

منگل 19 ستمبر 2017 22:57

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ابوظبی کرکٹ حکام سے معاملات طے ،سری لنکا سے سیریز میں مارکیٹنگ پر بورڈ سے کوئی رقم نہیں لے گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ابوظبی کرکٹ حکام سے معاملات طے ہو گئے ہیں اور سری لنکا سے سیریز میں وہ مارکیٹنگ پر بورڈ سے کوئی رقم نہیں لے گا اسی لیے سیریز کا آغاز ابوظبی ٹیسٹ سے کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔پی سی بی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ٹیموں کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرنے پر مجبور ہے، گوکہ ورلڈالیون کی آمد سے کچھ اعتماد بڑھا مگر اب بھی غیرملکی سائیڈز کوپاکستان جانے کا فیصلہ کرنے میں وقت لگے گا، رواں ماہ کی28 تاریخ سے پاکستان کی سری لنکا سے سیریز کا آغاز ہونا ہے، اس کی میزبانی بھی یو اے ای کرے گا، گزشتہ برس پی ایس ایل ون سے قبل بعض معاملات پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی نے کوئی میچ بھی وہاں نہیں رکھا تھا، ویسٹ انڈیز سے سیریزکاآغاز دبئی ٹیسٹ سے ہوا جبکہ دوسرے ٹیسٹ کے بعد آخری ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی ابوظبی کو ملی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اب پی سی بی کے ابوظبی کرکٹ حکام سے معاملات طے ہو گئے ہیں، سری لنکا سے سیریز میں وہ مارکیٹنگ پر بورڈ سے کوئی رقم نہیں لے گا، ریڈیو وغیرہ پر اشتہارات، ہورڈنگز وغیرہ کی فیس وہی دے گا، اس سے پی سی بی کو خاصی بچت ہو گی، اسی لیے سیریز کا آغاز ابوظبی ٹیسٹ سے کرنے کا فیصلہ ہوا اور دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ دبئی میں ہوگا، پہلے اس سے الٹ ہونا تھا، رواں سیریز کے 10میں سے 5 میچز کی میزبانی ابوظبی کو ملی ہے، اس میں 2 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی بھی شامل ہیں، دبئی میں صرف 2 میچز جبکہ اتنے ہی مقابلوں کا انعقاد شارجہ میں ہوگا، سیکیورٹی کلیئرنس کی صورت میں آخری ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد لاہور کو کرنا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دبئی اور شارجہ کے ساتھ آئندہ پی ایس ایل کے میچز پہلی بار ابوظبی میں بھی ہوں گے، سیکیورٹی صورتحال اسی طرح بہتر رہنے کی صورت میں لاہور اورکراچی میں بھی میچز کا انعقاد کیا جائیگا۔۔
وقت اشاعت : 19/09/2017 - 22:57:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :