انڈر19 فائیو اے سائیڈ ہاکی، اولمپئن منظور جونیئر اور شہباز احمد سینئر فائیو فائنل میں تیسری پوزیشن کیلئے اختر رسول اور اصلاح الدین جبکہ پانچویں پوزیشن کیلئے حسن سردار اور شہناز شیخ فائیو کے مابین مقابلہ ہوگا

منگل 19 ستمبر 2017 23:42

انڈر19 فائیو اے سائیڈ ہاکی، اولمپئن منظور جونیئر اور شہباز احمد سینئر فائیو فائنل میں تیسری پوزیشن کیلئے اختر رسول اور اصلاح الدین جبکہ پانچویں پوزیشن کیلئے حسن سردار اور شہناز شیخ فائیو کے مابین مقابلہ ہوگا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 ستمبر2017ء) اولمپئن منظور جونیئر اوراولمپئن شہبازاحمد سینئر فائیو کی ٹیموں نے پہلے عیسی لیب قائد اعظم انڈر19 فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، سنگل لیگ کی بنیاد پر منعقد ہونیوالے ٹورنامنٹ میں منظور جونیئر فائیو لیگ مرحلے میں10 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست رہی جبکہ اولمپئن شہبازاحمد سینئر9 پوائنٹس لیکر دوسرے نمبرپررہی، فائنل آج برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائیگا،دیگر میچز میں اصلاح الدین فائیو بھی کامیاب، اولمپئن منظور جونیئر اور حسن سردار فائیو کا مقابلہ برابر ہوگیا، محمد ثقلین، محب خان، عبداللہ، عابدبھٹی،احمر علی ، رانا وحید اور محمد سمیر نے ہیٹرکس اسکور کیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر فائنل کے مہمان خصوصی ہونگے جبکہ پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن شہبازاحمد سینئر اور دیگر اولمپئنز بھی موجود ہونگے۔

(جاری ہے)

اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام منعقدہ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز لیگ مرحلہ ختم ہوگیا، لیگ مرحلے کے اختتامی روز کھیلے گئے پہلے میچ میں اولمپئن اصلاح الدین فائیو نے اختر رسول فائیو کو سات کے مقابلے میں گیارہ گول سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کے محب خان اور محمد ثقلین نے ہیٹرک اسکور کی ، ارسلان حیدر نے دو گول جبکہ ہلال الدین اور عمیر بلال نے ایک ، ایک گول اسکورکیا، شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے محسن خان نے ہیٹرک سمیت چار گول بنائے ، فیضان علوی نے دو اور رومان نے ایک گول اسکورکیا۔

دوسرا میچ میں اولمپئن حسن سردارفائیو اور اولمپئن منظور جونیئر فائیو کی ٹیموں کے مابین میچ 7-7 گول سے برابر رہا۔حسن سردار فائیو کی جانب سے عبداللہ نے ہیٹرک سمیت چار گول اسکور کئے انکی جانب سے محمد وقاص نے دو اور محمد انیس نے ایک گول اسکورکیا۔ منظور جونیئر کی جانب سے عابد بھٹی نے ہیٹرک بنائی، ریحان بٹ، الیاس ، ارشد لیاقت اور سلمان شوکت نے ایک، ایک گول بنایا۔

تیسرے میچ میں اولمپئن شہباز احمد سینئر فائیو نے شہناز شیخ کی ٹیم کو با آسانی چھ کے مقابلے میں بارہ گول سے پچھاڑ دیا، فاتح ٹیم کی جانب سے رانا وحید اور محمد سمیر نے ہیٹرک سمیت چار، چار گول بنائے جبکہ انکی جانب سے محمد عمر اور محمد یاسر نے دو، دو گول اسکور کئے، شکست خوردہ ٹیم کیلئے احمر علی نے ہیٹرک بنائی جبکہ محمد عابد نے دو اور علی انور نے ایک گول بنایا۔ فائنل میچ سے قبل تیسری پوزیشن کیلئے اختر رسول اور اصلاح الدین جبکہ پانچویں پوزیشن کیلئے حسن سردار اور شہناز شیخ فائیو کے مابین میچ کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 19/09/2017 - 23:42:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :