محمد آصف کی تباہ کن بائولنگ، واپڈا نے اسلام آباد کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا، آصف کی میچ میں 11 وکٹیں

منگل 10 اکتوبر 2017 23:17

محمد آصف کی تباہ کن بائولنگ، واپڈا نے اسلام آباد کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا، آصف کی میچ میں 11 وکٹیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی کے تیسرے مرحلے میں محمد آصف کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت واپڈا نے اسلام آباد کو چار روزہ میچ میں یک طرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی، اسلام آباد کی ٹیم دوسری اننگز میں 177 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی اور اس نے واپڈا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 143 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، آصف نے غیرمعمولی بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، انہوں نے میچ میں 11 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

منگل کو اسلام آباد میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے دوسرے روز اسلام آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 177 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے واپڈا کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 143 رنز کا ہدف دیا، پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی اسلام آباد کے کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی، محمد آصف کی برق رفتار بائولنگ کے سامنے اسلام آباد کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا، فیضان ریاض 35 اور سرمد بھٹی 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد آصف نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں واپڈا نے مطلوبہ ہدف اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کپتان سلمان بٹ نے 62 رنز کی اننگز کھیلی، عامر سجاد 33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، حمزہ ندیم نے 3 وکٹیں لیں۔

وقت اشاعت : 10/10/2017 - 23:17:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :