ڈی جی رینجرز انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ 2017،ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈی جی رینجرز کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں

پہلے سیمی فائنل میں ڈسٹرکٹ ویسٹ نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کو دوسرے سیمی میں ڈی جی رینجرز نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کو شکست دی

پیر 13 نومبر 2017 21:18

ڈی جی رینجرز انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ 2017،ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈی جی رینجرز کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2017ء) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پر جاری ڈی جی رینجرز انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے سیمی فائنل مقابلوں میں ڈسٹرکٹ ویسٹ نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کو شکست دے کر جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ڈی جی رینجرز نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے کھیلے گئے سیمی فائنل میں جو ڈسٹرکٹ ویسٹ اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ایک سنسنی خیز میچ ثابت ہوا دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹوں پر زبردست حملے کئے گئے مگر دو کوارٹرز تک کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی تیسرے کوارٹر میں 38ویں منٹ میں علی مسرت نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جو زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی 45ویں منٹ میں سینٹرل کے عاصم خان نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مخالف ٹیم کی برتری کو برابر کردیا چوتھے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی گول نہ ہونے پر میچ برابری پر ختم ہوا میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پانچ پانچ پنالٹی اسٹروک لگائے گئے مگر دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی گول کیپر خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور یہاں بھی مقابلہ برابر رہا سڈن ڈیتھ پر ڈسٹرکٹ ویسٹ کے گول کیپر منصور نے مخالف ٹیم کی جانب سے پھینکے جانے والے اسٹروک کو روک کر اپنی ٹیم کر کامیابی دلوائی اور مین آف دی میچ کے حقدار قرار پائے بعد ازاں دوسرے سیمی فائنل میں جو ڈی جی رینجرز اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے درمیان کھیلا گیا ڈی جی رینجرز کی ٹیم نے پنالٹی اسٹروک پر میچ جیت کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

(جاری ہے)

مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کا اسکور 3-3سے برابر رہا ڈسٹرکٹ ایسٹ کی جانب سے عمران، زوہیب اور عمر نے ایک ایک گول جبکہ ڈی جی رینجرز کی جانب سے شہباز نے تینوں گول اسکور کئے بعدازاں پینلٹی اسٹروک پر رینجرز کی ٹیم کے گول کیپر آصف نے شاندار انداز میں گول روک کر اپنی ٹیم کو فائنل کیلئے کوالیفائی کرادیا, پہلے سیمی فائنل کی مہمان خصوصی والی بال ایسو سی ایشن وومن ونگ کی شاہدہ پروین جبکہ دوسرے سیمی فائنل کے مہمان خصوصی میجر شاہنواز تھے، ان کے علاوہ اولمپیئن حنیف خان، اولمپیئن افتخار سید, سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت،کے ایچ اے چیئرمین گلفراز خان ،کراچی ہاکی ایسو سی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین، غلام محمد، انیس کیانی، عبدالعظیم، جاوید اقبال، ڈاکٹر ایس اے ماجد، ارشد صدیقی، ریاض الدین اور شائقین ہاکی کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وقت اشاعت : 13/11/2017 - 21:18:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :