ڈومیسٹک سطح کا سب سے بڑا نیشنل بینک ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کل شروع ہوگا

بدھ 15 نومبر 2017 12:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل(پی بی سی سی) کے زیر اہتمام ڈومیسٹک سطح کا سب سے بڑا نیشنل بینک ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کل جمعرات کو شروع ہوگا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے مطابق ملتان اور بہاولپور میں ہونے والے ایونٹ میں ملک بھر سے 12 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، کشمیر، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور، کراچی، لاہور اور پی بی سی سی ینگ سٹار شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل بینک ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ ڈومیسٹک سطح کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے جس میں ملک بھر سے نامور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کیلئے ہم نے پہلے سے ہی 23 کھلاڑیوںکو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حتمی 17 رکنی سکواڈ کا اعلان 22 نومبر کو کیا جائے گا تاہم انہیں حتمی منظوری کیلئے پاکستان بلائنڈ کٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کو بھیجوایا جائے گا اس کے بعد باضابطہ ورلڈ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سال 2006ء میں ہم نے عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کی میزبانی کی تھی جس میں پاکستان نے بھارت کو بڑے مارجن سے ہرایا تھا۔ انہوں نے توقع ظاہرکی کہ آئندہ سال جنوری میں ہونے والے عالمی بلائنڈ کرکٹ میں بھی میزبانی اور ہوم گرائونڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔ واضح رہے کہ ایونٹ 22 نومبر تک جاری رہے گا۔
وقت اشاعت : 15/11/2017 - 12:15:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :