16 ویں چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کاکراچی میں آغاز

جمعرات 9 مئی 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2024ء) 16 ویں چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کراچی میں شروع ہوگئی۔روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس میں 16 ویں چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب ہوئی جہاں کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل ہلال امتیاز ملٹری محمد سلیم نے بطور مہمان خصوصی چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر لیجنڈ جہانگیر خان بھی موجود تھے ، چیمپئن شپ میں 9 ممالک کے 24 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جس میں پانچ پاکستانی اور 19 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے روز پاکستان کے وائلڈکارڈ پر انٹری دینے والے ناصر اقبال نے ملائیشیا کے سیڈڈ کھلاڑی ڈیرن پراگسام کو گیارہ نو، گیارہ پانچ اور گیارہ دس سے اپ سیٹ شکست دی۔افتتاحی میچ میں ملائیشیا کے شفیق کمال اور مصر کے ہضیم ہوشام کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا جو پانچ سیٹ تک جاری رہا۔

ملائیشین کھلاڑی نے پانچواں سیٹ جیت کر کامیابی حاصل کی۔دیگر میچز میں ہانگ کانگ جاپان، ملائیشیا، انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے کامیابی حاصل کی۔چیمپئن شپ کی انعامی رقم 20 ہزار ڈالر پر مشتمل ہے، چیمپئن شپ میں پاکستان کے انڈر 15 بوائز گرلز اور انڈر13 بوائز کے بھی مقابلے ہوئے۔
وقت اشاعت : 09/05/2024 - 21:40:39

متعلقہ عنوان :