اسلام آباد کی ٹیم قومی کراٹے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، اعجاز الحق

بدھ 22 نومبر 2017 13:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی ٹیم قومی کراٹے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ گذشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی کراٹے چیمپئن شپ (آج) جمعرات سے لاہور میں شروع ہوگی اور چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان پولیس، پاکستان ریلوے، پنجاب، سندھ، بلوچستان خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور فاٹا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹیم کو کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں کم وقت ملا ہے پھر بھی کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رکھی ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی چیمپئن شپ میں میڈلز ضرور حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیم کا چنائو ٹرائلز کے بعد میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور ٹرائلز میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اسلام آباد کی ٹیم میں 50 کلوگرام میں احسن رسول، 55 کلوگرام میں عثمان زمان، 60کلوگرام میں سید فیض، 67کلوگرام میں اصغر خان، 75 کلوگرام میں چوہدری اسرار، 84 کلوگرام میں راجہ عدیل اور پلس 84 کلوگرام میں حنیف خان شامل ہیں ٹیم کاتا میں عثمان زمان حزیفہ اور زوہیب شامل ہیں، جبکہ اویس رشید مغل ٹیم منیجر اور افضال احمد کوچ کے فرائض انجام دیں گے،سلیکشن میں قاضی ضیاء ، صدر اعجازالحق اور اویس رشید مغل شامل تھے۔
وقت اشاعت : 22/11/2017 - 13:06:50