نیشنل ٹونٹی ٹونٹی ، کامران اکمل نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کردی

جمعہ 24 نومبر 2017 14:20

نیشنل ٹونٹی ٹونٹی ، کامران اکمل نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کردی
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24نومبر2017ء)قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کی ٹیم کیخلاف شاندار سنچری سکور کرتے ہوئے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کرکے رکھ دی ۔راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹورنامنٹ میں کامران اکمل لاہور وائٹس کی نمائندگی کررہے ہیں اور آج اسلام آباد کیخلاف کھیلے گئے میچ میں وکٹ کیپر بلے باز نے14چوکوں اور12چھکوں کی مدد سے 71گیندوں پر 150رنز کی اننگز کھیلی جو ان کی مسلسل 5ویں 50پلس اننگز ہے ،وہ وریندر سہواگ اور ہیملٹن مساکاڈزا کے ہمراہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے بلے باز ہیں،وکٹ کیپر بلے باز نے ایک ٹونٹی ٹوٹنی میچ زیادہ رنز بنانے کا ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ۔

اس اننگز کے ساتھ ہی 35سالہ بلے باز نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کیپر بلے باز کی جانب سے سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ،ان سے قبل جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک نے 126ناٹ آﺅٹ اور نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میکولم نے 123رنز کی اننگز کھیل رکھی تھی ۔

(جاری ہے)

کامران اکمل کی جانب سے اس اننگز کے دوران لگائے گئے 12چھکے ایک ٹونٹی ٹونٹی اننگز میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کی بہترین پرفارمنس ہے ، اس سے قبل بلا ل آصف نے 15مئی 2015ءکو سیالکوٹ سٹالینز کی جانب سے ایبٹ آباد فالکنز کیخلاف 48گیندوں پر 114رنز کی اننگز کھیلی تھی جس میں 8چوکے اور 10چھکے شامل تھے۔

کامران اکمل ٹونٹی ٹونٹی مقابلوں میں 150رنز کی اننگز کھیلنے والے 8ویں بلے باز ہیں ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل اور سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم 2،2جبکہ زمبابوے کے ہیملٹن مساکاڈزا ، انگلش کاﺅنٹی یارکشائر کے ایڈم لیتھ،آسٹریلوی بلے باز ایرون فنچ،سسیکس کاﺅنٹی کے لیوک رائٹ ،اور ایسیکس کاﺅنٹی کے گراہم نیپئر بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں ۔ 
وقت اشاعت : 24/11/2017 - 14:20:08