شاہد آفریدی 24دسمبر کو فیصل آباد کرکٹ سٹیڈیم میں ان ایکشن ہوں گے

جمعہ 24 نومبر 2017 16:02

شاہد آفریدی 24دسمبر کو فیصل آباد کرکٹ سٹیڈیم میں ان ایکشن ہوں گے
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24نومبر2017ء) پاکستان کی تاریخ کا پہلا ٹی۔10کرکٹ میچ اور 18ہزار افراد ایک ہی شرٹ پہن کر میچ دیکھنے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کریں گے۔ میچ کیلئے ٹکٹ کی جگہ 200اور300روپے کی شرٹ دی جائے گی جس پر ’HOPE NOT OUT‘ لکھا ہوگا،یہ شرٹ ہی ٹکٹ تصور ہوگی۔ضلعی انتظامیہ اور شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن کے اشتراک سے 24 دسمبر کو اقبال سٹیڈیم میں ٹی 10 کرکٹ چیریٹی میچ پہلی بار متعارف کرایا جارہا ہے جسکی کرکٹ کی دنیا میں اس سے قبل کوئی مثال نہیں ہے ۔

اس چیریٹی میچ میں شاہد آفریدی سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے نمایاں کھلاڑی بھی کھیلیں گے۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن ذیشان افضل نے اقبال سٹیڈیم میں میڈیا نمائندگان کو ٹی 10کرکٹ چیریٹی میچ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر ایف ایس انٹرٹیمنٹ عبدالوہاب ‘ کیئرٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر و دیگربھی موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے ٹی 10 کرکٹ چیریٹی میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں انعقاد کےلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دی گئی دعوت کو قبول کرنے پر شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس میچ کے کامیاب انعقاد کےلئے تمام ضروری انتظامات اور شائقین کو بھر پور سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔پاکستان اور دنیا بھر سے مختلف شعبہ جات کی اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا جبکہ اس میچ کو کامیاب بنانے اور ہوپ ناٹ آو¿ٹ کے لوگو والی شرٹ پہن کر عالمی ریکارڈ بھی بنایا جائےگا جو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروایا جائےگا۔

اس میچ کیلئے کوئی ٹکٹ نہیں رکھی گئی بلکہ عوام 200اور 300کی شرٹ خریدیں گے جسے ٹکٹ ہی تصور کیا جائے گا۔شہر میں بھرپور تشہیری مہم کے ذریعے اس میچ کو کامیاب بنایا جائے گا۔ انہوں نے تعلیم ‘ صحت ‘ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر سماجی شعبوں میں شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن کی فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ اس خیراتی میچ کے انعقاد سے خاطر خواہ فنڈز جمع ہونگے جو محروم طبقات کی امداد اور سماجی ترقی پر خرچ کئے جائیں گے ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن ذیشان افضل نے بتایا کہ ٹی 10 کرکٹ میچ شائقین کےلئے بڑی دلچسپی اور خوشی کا باعث ہو گا جو کہ دنیا بھر میں پہلی بار متعارف کرایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کےلئے عطیات جمع کرنے کی مہم کے سلسلے میں اس میچ کی ٹکٹیں شرٹ کی صورت میں فروخت ہونگی ۔ انہوں نے اس میچ کےلئے فیصل آباد مدعو کرنے پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ شاہد آفریدی فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام غریب و مستحق طلباءکے لئے تعلیمی اداروں کے قیام ‘ صحت کی سہولیات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت انسانی بھلائی کے لئے دیگر خدمات سرانجام دی جارہی ہےں اور وہ فیصل آباد میں غریب بچوں کےلئے سکول کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں ۔

انہوں نے امید ظاہر کی ٹی10 چیریٹی میچ میں شائقین کرکٹ اور عام شہری بھر پور انداز میں شرکت کرکے بھلائی کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالیں گے ۔
وقت اشاعت : 24/11/2017 - 16:02:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :