دوسرا ٹیسٹ، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 205 رنز پر ڈھیر، چندیمل اور کرونارتنے کی نصف سنچریاں،

ایشون کی 4 ایشانت شرما اور جدیجہ کی 3، 3 وکٹیں، بھارت نے ایک وکٹ پر 11 رنز بنا لئے اور اسے حریف ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 194 رنز درکار

جمعہ 24 نومبر 2017 17:34

دوسرا ٹیسٹ، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 205 رنز پر ڈھیر، چندیمل اور کرونارتنے کی نصف سنچریاں،
ناگپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2017ء) بھارتی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 205 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان دنیش چندیمل اور دیمتھ کرونارتنے کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی ایشون اور جدیجہ کی گھومتی ہوئی جبکہ ایشانت شرما کی برق رفتار گیندوں کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، چندیمل 57 اور کرونارتنے 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، ایشون نے 4، ایشانت شرما اور جدیجہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں بھارت نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 11 رنز بنائے تھے اور اسے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 194 رنز درکار ہیں، مرلی وجے اور چیتشور پوجارا 2، 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ناگپور میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آئی لینڈرز پہلی اننگز میں 205 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، آئی لینڈرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 60 کے سکور پر اس کے تین مستند بلے باز آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، سمارا وکراما 13، لاہیرو تھریمانے 9 اور اینجلو میتھیوز 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان چندیمل نے کرونارتنے کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ میں 62 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 122 تک پہنچا دیا، یہاں پر ایشانت شرما نے کرونارتنے کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، کرونارتنے 51 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، 160 کے سکور پر سری لنکا کی پانچویں وکٹ گری جب نیروشن ڈکویلا 24 رنز بنا کر جدیجہ کی گیند کا نشانہ بنے، شناکا 2 رنز بنا کر ایشون کی گیند پر بولڈ ہوئے، پریرا 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، 184 کے سکور پر سری لنکا کی آخری امید بھی دم توڑ گئی اور کپتان چندیمل 57 رنز بنانے کے بعد ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 205 کے سکور پر سری لنکا کی پوری ٹیم آئوٹ ہو گئی، ہیراتھ 4 اور لکمل 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ایشون نے 4 جبکہ ایشانت شرما اور جدیجہ نے 3، 3 وکٹیں لیں، جواب میں بھارت نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 11 رنز بنائے تھے اور اسے آئی لینڈرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 194 رنز کی ضرورت ہے، لوکیش راہول 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پوجارا اور وجے 2، 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، گاماگے نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 24/11/2017 - 17:34:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :