ٹرینٹ بولٹ کی تباہ کن بائولنگ،

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 183 رنز کے واضح مارجن سے ہرا دیا، کیویز کو پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل، گرین شرٹس 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 27.2 اوورز میں 74 رنز پر ڈھیر، بولٹ نے اپنے پہلے 2 اوورز میں اظہر، فخر اور حفیظ کو آئوٹ کر کے گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، گرین شرٹس کی بدترین کارکردگی، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، بولٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 13 جنوری 2018 14:14

ڈونیڈن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) ٹرینٹ بولٹ کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 183 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 27.2 اوورز میں 74 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بولٹ کی برق رفتار بائولنگ کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، انہوں نے اپنے پہلے دو اوورز میں اظہر، فخر اور حفیظ کو آئوٹ کر کے گرین شرٹس کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، گرین شرٹس کے بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی اور 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، بولٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

ہفتے کو ڈونیڈن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 257 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ولیمسن اور روز ٹیلر کے سوا کیویز کا کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ولیمسن نے 73 اور ٹیلر نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنایا، گپٹل 45، کولن منرو 8، ٹام لیتھم 35، ہنری نیکولز صفر، مچل سینٹنر 6، ٹوڈ ایسٹل 5، ٹم سائوتھی 6 اور ٹرینٹ بولٹ 13 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، حسن علی اور رومان رئیس نے 3، 3 شاداب خان نے 2 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 28ویں اوورز میں 74 رنز پر ڈھیر ہو گئی، گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 32 کے سکور پر اس کے 8 کھلاڑی آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اوور کی آخری گیند پر اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے بولٹ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اننگز کے چوتھے اوور میں بولٹ نے فخر زمان اور حفیظ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابیاں دلائیں، زمان 2 اور حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، بابر اعظم 8 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے جس کے بعد گرین شرٹس کی ٹیم مزید مشکلات کا شکار ہو گئی، شعیب ملک 3، شاداب خان صفر فہیم اشرف 10 اور حسن علی ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ گرین شرٹس ون ڈے تاریخ کے کم ترین سکور پر آئوٹ ہو جائے گی لیکن یہاں پر کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 52 تک پہنچا دیا، عامر 14 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر بولٹ ہوئے، 74 کے سکور پر گرین شرٹس کی آخری وکٹ گری جب رومان رئیس 16 رنز بنا کر بولٹ کی گیند کا نشانہ بنے، سرفراز 14 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، بولٹ نے 7.2 اوورز میں 17 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کولن منرو اور فرگوسن نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

وقت اشاعت : 13/01/2018 - 14:14:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :