بین الاقوامی اولمپک کمیٹی اور شمالی و جنوبی کوریا مذاکرات کریں گے

جمعہ 19 جنوری 2018 13:05

سیئول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) جنوبی اور شمالی کوریا نے اتفاق کیا ہے کہ جنوبی کوریا کے پیونگ چانگ سرمائی اولمپک کھیلوں کے دوران خواتین کے آئس ہاکی مقابلوں کے لئے دونوں کوریاؤں کی مشترکہ ٹیم ہوگی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افتتاحی تقریب میں دونوں کوریاؤں کے اتھلیٹس اور حکام متحدہ کوریا کے پرچم تلے ایک ساتھ مارچ کریں گے۔

دونوں کوریاؤں کے وفود گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں اس پر متفق ہوئے ہیں، یہ مذاکرات غیرفوجی علاقے پانمٴْون جوم گاؤں کے جنوبی کوریائی حصے میں منعقد ہوئے تھے۔آئندہ ماہ منعقد ہونے والے سرمائی اولمپک کھیلوں میں شمالی کوریائی وفد میں شامل ہونے والوں کی تعداد اور کھیلوں میں شرکت کے متعلق مذاکرات بین الاقوامی اولمپک کمیٹی، دونوں کوریاؤں کی اولمپک کمیٹیوں اور پیونگ چانگ گیمز کی انتظامی کمیٹی کے حکام کے مابین ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے حوصلہ افزائی کیلئے جانے والی ٹیم میں 230 سے زیادہ افراد شامل ہوں گے۔ وہ جنوبی کوریا کی حوصلہ بڑھانے والی ٹیموں کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کو داد دیں گے۔ دونوں کوریا، شمالی کوریا کے مشرق میں ماسین نیونگ اِسکی ریزورٹ گیمز کے لئے مشترکہ تربیت کا اہتمام بھی کریں گے۔ دونوں ملک اولمپک کھیلوں سے قبل شمالی کوریا کے جنوب مشرق میں کوہ کمگانگ پر ایک ثقافتی تقریب کا اہتمام بھی کریں گے۔
وقت اشاعت : 19/01/2018 - 13:05:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :