فٹبال ورلڈ کپ 2018کی ٹرافی نے لندن سے اپنے سفر کا آغاز کر دیا

ٹرافی اپنے طویل سفرکے دوران دنیا کی6 براعظموں کی51ملکوں میں91شہروں کا دورہ کریگی

منگل 23 جنوری 2018 15:54

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2018ء) فیفا ورلڈ کپ2018کی ٹرافی نے لندن سے اپنے سفر کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے جو اپنے طویل دورے کے دوران دنیا کے چھ براعظموں کی51ملکوں میں91شہروں کا دورہ کرے گی۔لندن میں منعقدہ ایک پرتعیش تقریب میں ٹرافی کے سفر کا آغاز کیا گیا جس میں 1966 کا ورلڈ کپ جیتنے والے انگلینڈ کے سابق عظیم کھلاڑی سر جیوف ہرسٹ اور 2006 کا ورلڈ کپ جیتنے والی اطالوی ٹیم کے رکن آندرے پرلو نے تقریب کو رونق بخشی۔

اس دورے کیلئے کوکا کولا نے فیفا سے تعاون کیا ہے اور تاریخ میں چوتھا موقع ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی کے دورے کیلئے کوکا کولا اور فیفا کا اشتراک ہوا ہے۔اس مرتبہ فیفا نے کئی ایسے ملکوں کو بھی دورے کا حصہ بنایا ہے جہاں اس سے قبل فیفا ٹرافی کو نہیں لے جایا گیا اور منگولیا، آئس لینڈ اور آسٹریا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی کی میزبانی کریں گے۔

(جاری ہے)

اس دورے کے آغاز سے قبل ٹرافی نے 2018 ورلڈ کپ کے میزبان روس کا تین ماہ طویل دورہ کیا تھا جہاں اس نے 16 شہروں کے دورے کے دوران 16ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کی جس کے ساتھ ہی فیفا کی ٹرافی کا کسی بھی ملک کا سب سے لمبا دورہ بن گیا۔پاکستان میں بھی شائقین کو ورلڈ کپ ٹرافی دیکھنے کا موقع ملے گا جو تین فروری کو پاکستان پہنچے گی۔فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنا سفر مکمل کر کے فیفا ورلڈ کے آغاز سے ایک ہفتے قبل سات جون کو روس پہنچے گی جہاں ایک ہفتے بعد روس اور سعودی عرب کے درمیان میچ سے عالمی کپ کا آغاز ہو گا۔
وقت اشاعت : 23/01/2018 - 15:54:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :