اسٹریلیا انگلینڈ کو ہرا کر سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز فائنل میں پہنچ گیا

انگلش ٹیم کو متواتر دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، فاتح ٹیم نے 138 رنز کا ہدف 14.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کین رچرڈسن کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا

ہفتہ 10 فروری 2018 20:41

اسٹریلیا انگلینڈ کو ہرا کر سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز فائنل میں پہنچ گیا
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2018ء) سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے کر فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی کینگروز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، انگلش ٹیم کو متواتر دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، فاتح ٹیم نے 138 رنز کا ہدف 14.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کین رچرڈسن کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

ہفتہ کو میلبورن میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلوی قائد ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، رچرڈسن اور سٹین لیک نے اوپنرز ایلکس ہیلز اور جیسن روئے کو آئوٹ کر کے انگلینڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، جوز بٹلر نے مشکل وقت میں 46 رنز کی اننگز کھیلی، جیسن روئے 8، ہیلز 3، ڈیوڈ میلان 10، جیمز ونس 21، ثام بیلنگز 29 اور ڈیوڈ ویلے 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، رچرڈسن نے 3 سٹین لیک نے 2 اور ٹائی نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں کینگروز نے مطلوبہ ہدف 15 ویں اوور کی تیسری گیند پر 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کینگروز کو پہلے ہی اوور میں وارنر کا نقصان اٹھانا پڑا جو 2 رنز بنا کر ڈیوڈ ویلے کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر ڈی آرسی شارٹ اور کرس لین نے مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور سکور 51 تک پہنچا دیا، کرس لین 31 رنز بنا کر جورڈن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد میکسویل نے شارٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 116 تک پہنچا کر اسے فتح کے قریب پہنچایا، میکسویل 39 رنز بنا کر جورڈن کی گیند کا نشانہ بنے، فنچ نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے 5 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 20 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، شارٹ 36 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کرس جورڈن نے 2 اور ڈیوڈ ویلے نے ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 10/02/2018 - 20:41:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :