ویمن باسکٹ بال چمپئن شپ کا فائنل کل کنیئرڈ کالج اورلاہور یونیورسٹی کی ٹیموں کے درمیان ہو گا

بدھ 7 مارچ 2018 16:29

لاہور۔7 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) میزبان کنیئرڈ کالج یونیورسٹی نے روایتی حریف پنجاب یونیورسٹی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعدشکست دے کر آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمن باسکٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ لاہور کالج یونیورسٹی کی ٹیم سے ہوگا جس نے آغا خان یونیورسٹی کراچی کو بآسانی زیر کرلیا،فائنل مقابلہ کل دوپہر بارہ بجے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میںہوگا جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ صبح دس بجے کھیلا جائے گا،نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں جاری چیمپئن شپ کا پہلا سیمی فائنل میںلاہور کالج اور آغا خان یونیورسٹی کراچی کے مابین کھیلا گیا جو توقع کے مطابق یکطرفہ ثابت ہوا، لاہور کالج کی ٹیم ابتداء ہی سے میچ پر چھائی رہی اور حریف ٹیم کے خلاف لگاتار باسکٹ سکور کرکے اپنی برتری کو آخر تک قائم رکھا، میچ کا سکور 25-7 رہا جس میںپلیئر آف دی میچ سحرش کا کردار نمایاں رہا۔

(جاری ہے)

دوسرے سیمی فائنل میں کنیئرڈ کالج اور پنجاب یونیورسٹی کے مابین کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا ، دونوں ٹیموں کو تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل تھیں، چار کوارٹر زپر مشتمل میچ میںکئی نشیب و فراز آئے تاہم کنیئرڈ کالج نے اپنی برتری کو ثابت کرتے ہوئے میچ 32 کے مقابلے میں 36 پوائنٹس سے جیت لیا، فاتح ٹیم کی زینب علی کو شاندار کھیل پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈملا، آج فائنل میچ میں کنیئرڈ کالج کا مقابلہ لاہور کالج یونیورسٹی سے ہوگا جبکہ آغا خان کی ٹیم تیسری پوزیشن کیلئے پنجاب یونیورسٹی کے مد مقابل ہوگی، کنیئرڈ کالج کی کوچ سابق قومی کھلاڑی بینش امین نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل میں کھلاڑیوں نے توقعات کے مطابق کھیل پیش کیا تاہم میںسمجھتی ہوںکہ ہمیں زیادہ بڑے مارجن سے میچ جیتنا چاہیے تھا لیکن بطور کھلاڑی مجھے معلوم ہے کہ بڑے میچ میںدبائو کے باعث کھلاڑیوں سے غلطیاں ہوجاتی ہیں، انہوں نے کہاکہ فائنل میں کھلاڑیوں کو مسنگ پر قابو پاکر ابتداء ہی میں برتری حاصل کرنا ہوگی ، سیمی فائنل کی فتح کے بعد میں کافی پرامید ہوں کہ اس بارانٹر یونیورسٹی چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔

وقت اشاعت : 07/03/2018 - 16:29:00