ایشیا کپ کرکٹ، بھارت نے شارجہ میں میچز کھیلنے سے پھر انکار کردیا

ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میںبھارتی حکام نے ابوظہبی اور دبئی میں کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کی

جمعہ 13 اپریل 2018 15:50

ایشیا کپ کرکٹ، بھارت نے شارجہ میں میچز کھیلنے سے پھر انکار کردیا
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اپریل2018ء) شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کو ورلڈ ریکارڈ 228 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے لیکن 2000 میں بھارت نے اس اسٹیڈیم کے حوالے اپنے خدشات کا اظہار کرکے شارجہ میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا اور اس کے بعد سے بھارت نے شارجہ میں کوئی میچ نہیں کھیلا۔تین دن قبل ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں جب ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں متحدہ عرب امارات کو ایشیا کپ کی میزبانی دینے کا فیصلہ کیا گیا تو امارات بورڈ نے پیشکش کی کہ ان کے 3 گراونڈز شارجہ،ابوظہبی اور دبئی ایشیا کپ کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں لیکن بھارت نے شارجہ میں ایک بار پھر کھیلنے سے انکار کردیا۔

ذرائع سے اجلاس کے اندرونی کہانی کا احوال معلوم ہوا ہے کہ 20 سال بعد بھی شارجہ اسٹیڈیم کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے خدشات ختم نہیں ہوسکے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجود بھارتی بورڈ کے حکام نے واضح کیا کہ وہ ابوظہبی اور دبئی میں کھیلنے کو تیار ہیں لیکن شارجہ میں نہیں کھیلیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان نے بھارت کے خلاف اپنا نفسیاتی دبا برقرار رکھا، اجلاس کی صدارت ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نجم سیٹھی کررہے تھے۔

پاکستان نے اجلاس میں موقف اختیار کیا کہ ایشیا کپ اور ایمرجنگ ایشین کپ کے لئے ایک جیسے قواعد رکھے جائیں تاہم جب بھارت نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کی مخالفت کی تو کسی اور ملک نے اس کی حمایت نہیں کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھارتی بورڈ شارجہ میں ہونے والے میچوں کو میچ فکسنگ سے منسلک کرتا رہا ہے لیکن آج تک وہ شواہد پیش نہیں کر سکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو اجلاس سے پہلے ہی بتادیا تھا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کی میزبانی کرتا ہے تو پاکستانی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔متحدہ عرب امارات میں ٹورنامنٹ کرانے سے ایشین کرکٹ کونسل کو پانچ گنا زیادہ آمدنی ہوگی اور اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ چوں کہ دبئی اور ابوظہبی میں تمام ایشین ملکوں کے لوگ رہتے ہیں اس لیے میچز میں ہاس فل ہوگا۔بھارتی کرکٹ ٹیم شارجہ میں 1984 سی2000 تک72 ون ڈے انٹر نیشنل میچز کھیل چکی ہے جس میں پہلا ایشیا کپ بھی شامل ہے۔ ان میں سے بھارت نی35میچ جیتے اور37میچ ہارے۔ اس کے مقابلے میں پاکستان نی124ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے ہیں جن میں سے پاکستان نے 83جیتے اور40 میں اسے شکست ہوئی اور ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔
وقت اشاعت : 13/04/2018 - 15:50:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :