پیراکی کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے اہم اقدامات کئے ہیں،صوبائی وزیر کھیل

ہفتہ 14 اپریل 2018 21:41

پیراکی کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے اہم اقدامات کئے ہیں،صوبائی وزیر کھیل
لاہور۔14 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2018ء) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پیراکی کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے اہم اقدامات کئے ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام شروع ہونیوالے ایک ماہ کے تربیتی کیمپ میں ماہر کوچز نئے پیراکوں کو تربیت دیں گے جس سے باصلاحیت پیراک سامنے آئیں گے، ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پیراکی دنیا کا مقبول کھیل ہے، پنجاب حکومت نے خطیر رقم سے سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس تعمیر کیا ہے جس میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، تربیتی کیمپ کے دوران سوئمنگ کمپلیکس میں 5سے 16سال تک کے پیراکوں کو ماہر کوچز تربیت دیں گے ، بین الاقوامی معیار کے سوئمنگ کمپلیکس میں تربیت سے پیراکوں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور وہ جب عالمی مقابلوں میں حصہ لیں گے تو ان کے لئے کوئی چیز نئی نہیں ہوگی کیونکہ وہ اسی ماحول میں تربیت حاصل کرچکے ہونگے، اس سہولت کے باعث نوجوان پیراک کامیابیاں سمیٹیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے نئے پیراکوں کی تربیت کیلئے بہترین قدم اٹھایا ہے ، ایک ماہ کے تربیتی کیمپ میں نئے پیراک تیار کئے جائیں گے جو کل کو نیشنل اور انٹرنیشنل چیمپئن بنیں گے۔
وقت اشاعت : 14/04/2018 - 21:41:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :