صاحبداد اسٹار اورآل بردارز نے کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا

آل ملیر شہید محترمہ بینظیر بھٹو فیسٹیول فٹبال ٹورنامنٹ میں بلال مجاہد اور اے ون اسٹار کو شکست

پیر 6 اگست 2018 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) صاحبداد اسٹار فٹبال کلب کے زیر اہتمام سراقبال فائونڈیشن کے تعاون سے جاری پہلے آل ملیر شہید محترمہ بینظیر بھٹو فیسٹیول فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں محفوظ الیون فٹبال اسٹیڈیم ملیر پر دو شاندار پری کوارٹر فائنل میچز کھیلے گئے جس کے پہلے میچ میں صاحبداد اسٹار کا مقابلہ بلال مجاہد سے ہوا جس میں صاحبداد اسٹار نے بلال مجاہد کے خلاف صفر کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی۔

میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مخالف گول پر متعدد حملے کیئے جسکے نتیجے میں صاحبداد اسٹار کے فارورڈ شہزاد نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی وقفہ تک مقابلہ اسی اسکور پر رہا جس کے بعد دوسرے ہاف کے بیسویں منٹ میں صاحبداد اسٹار کے فاروڈ ذیشان نے دوسرا گول کرکے مقابلہ 2-0کردیا ۔

(جاری ہے)

بلال مجاہد کے فارورڈز نے گول برابر کرنے کی سرتوڑ کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے اور اس طرح یہ میچ صاحبداد اسٹار نے بلال مجاہد کو شکست دے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

ٹورنامنٹ کے سلسلے کا دوسرا پری کوارٹر فائنل میچ آل برادرز اور اے ون اسٹار کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو یکطرفہ ثابت ہوا۔ آل برادرز کی ٹیم میچ کے دونوں ہاف میں کھیل پر چھائی رہی اور اس کے فارورڈز نے انتہائی خوبصورت کھیل پیش کیا جس کے اسٹار فارورڈانٹرنیشنل کھلاڑی موسیٰ نے دو گول اسکور کیئے جبکہ موسیٰ نے ایک گول اسکور کیا۔ اے ون اسٹار کی ٹیم نے قدرے دفاعی انداز اختیار کیا لیکن اس کے باوجود تین گول کے خسارے میں جانے کے بعد ان کی پوزیشن سنبھل نہ سکی اور آل بردرز نے اے ون اسٹار کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

میچز میں ریفری کے فرائض عزیز بادشاہ، خالد جمی،نصیر جان نے انجام دیئے ، میچ کمشنر ماسٹر اکبر بلوچ جبکہ میڈیا کوآرڈینیٹر اسلم کامریڈتھے۔ٹورنامنٹ کے سلسلے میں آج ملیر کے دو مشہور و معروف کلب بلوچ محمڈن اوردلبود محمڈن کی ٹیمیں مدمقابل ہوںگی۔
وقت اشاعت : 06/08/2018 - 16:26:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :