انگلینڈ کی لارڈز ٹیسٹ میں گرفت مضبوط، میزبان ٹیم نے بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 357 رنز بنا کر مجموعی طور پر 250 رنز کی برتری حاصل کر لی،

ووکس اور بیئرسٹو نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 189 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، بیئرسٹو 93 رنز پر آئوٹ، ووکس 120 رنز بنا کر ناقابل شکست

ہفتہ 11 اگست 2018 23:48

انگلینڈ کی لارڈز ٹیسٹ میں گرفت مضبوط، میزبان ٹیم نے بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 357 رنز بنا کر مجموعی طور پر 250 رنز کی برتری حاصل کر لی،
لارڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2018ء) کرس ووکس اور جونی بیئرسٹو کی شاندار بلے بازی کی بدولت انگلینڈ کی بھارت کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں گرفت مضبوط ہو گئی، میزبان انگلش ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک بھارت کی پہلی اننگز 107 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنا کر مجموعی طور پر 250 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، 131 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد بیئرسٹو اور ووکس بھارتی بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 189 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، ووکس چٹان کی طرح حریف بائولرز کے سامنے جم گئے اور 120 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، بیئرسٹو 93 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلش ٹیم نے پہلی اننگز شروع کی تو اس کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 32 کے سکور پر اس کے دونوں اوپنرز آئوٹ ہو گئے، ایلسٹرکک 21 اور کیٹن جیننگز 11 رنز بنا کر چلتے بنے، 77 کے سکور پر انگلینڈ کو اولی پوپ کا نقصان اٹھانا پڑا جو 28 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، کپتان جوروٹ 19 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند کا شکار بنے، جوز بٹلر بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 24 رنز بنا کر شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 131 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد جونی بیئرسٹو اور کرس ووکس نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 189 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 320 تک پہنچا کر اس کی پوزیشن مستحکم کی، یہاں پر ہرڈک پانڈیا نے بیئرسٹو کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، بیئرسٹو نے 93 رنز بنائے، خراب روشنی کے باعث تیسرے روز جب کھیل ختم کیا گیا تو انگلینڈ نے 6 وکٹوں پر 357 رنز بنا کر مجموعی طور پر 250 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، کرس ووکس 120 اور ثام کیورن 22 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، شامی نے 3، پانڈیا نے 2 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 11/08/2018 - 23:48:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :