ٹیم میں دوبارہ واپسی اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتا ہوں ، پیٹر سڈل

کوشش ہوگی پاکستان کیخلاف سیریز میں عمدہ پرفارم کرکے ٹیم میں مستقل جگہ بنائوں ، آسٹریلوی فاسٹ بائولر

منگل 18 ستمبر 2018 16:05

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2018ء) آسٹریلوی ٹیم کے فاسٹ بائولر پیٹر سڈل نے کہا ہے کہ ٹیم میں دوبارہ واپسی باعث اعزاز ہے، کوشش ہو گی کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے ٹیم میں اپنی جگہ مستقل کروں، فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا مزید چند برس تک کھیل جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ سڈل نے آخری بار 2016ئ میں ملک کی نمائندگی کی تھی، انہیں آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز کیلئے حیران کن طور پر سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے ٹیم میں دوبارہ واپسی کے بارے سوچنا چھوڑ دیا تھا، بگ بیش لیگ میں اچھا پرفارم کرنے سے اعتماد بڑھا اور مجھے لگا میں ابھی انٹرنیشنل سطح پر پرفارم کر سکتا ہوں، دوبارہ ملک کی نمائندگی کا موقع ملنے پر خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اسلئے ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں رکھتا اور مزید چند برس تک کھیل جاری رکھنا چاہتا ہوں، حالیہ اپنی فارم اور فٹنس سے مطمئن ہوں، پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ سڈل نے 62 ٹیسٹ میچز میں 211 وکٹیں لے رکھی ہیں۔
وقت اشاعت : 18/09/2018 - 16:05:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :